Friday, April 19, 2024

توہین عدالت کیس، احسن اقبال نے لاہور ہائیکورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی

توہین عدالت کیس، احسن اقبال نے لاہور ہائیکورٹ سے غیرمشروط معافی مانگ لی
July 2, 2018
لاہور (92 نیوز) توہین عدالت کیس میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے لاہور ہائیکورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ سابق وزیر نے تفصیلی جواب جمع کروا دیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے آپ نے جواب میں صرف اپنی تعریفیں کی ہیں،ایک طرف آپ یہ کہتے ہیں کہ آئندہ ایسی کوئی بات نہیں کریں گے باہر جاکرپھر وہی باتیں کرتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ سابق وزیر داخلہ نے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے تفصیلی جواب جمع کروایا توعدالت نے استفسار کیا،کیا آپ نے جواب میں اپنی غلطی کو تسلیم کیا ہے؟ اس میں تو آپ نے اپنی تعریفیں ہی کی ہیں۔یہاں آپ معافی مانگتے ہیں لیکن باہر جاتے ہی آپ اس لیڈر کے جیالے بن جاتے ہیں جو عدلیہ کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑے ہوئے ہیں۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے جو آپکی لیڈرشپ کر رہی ہے وہ کیا ہے،اگر ایک سو پیشیاں بھگت لی تو کیا ہوا؟ جسٹس عاطر محمود نے ریمارکس دئیے احسن اقبال بار بار کہتے ہیں کہ ایک جماعت کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،انہوں نے کہا ہم احسن اقبال کو پوری عزت دیتے ہیں مگر باہر جا کر ایسے بیانات قابل برداشت نہیں،عدلیہ کو کوئی کام نہیں کہ وہ کسی جماعت کو ٹارگٹ کرے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نے ریمارکس دئیے اگر کل آپ کی حکومت نہیں بنتی یا آپ سے زیادتی ہوتی ہے تو آپ نے بھی عدالتوں میں ہی آنا ہے، صرف بیس دن کی بات ہے پھر سب کو پتہ چل جائے گا کہ دال کس بھاؤ بگتی ہے۔ احسن اقبال کے وکیل نے استدعا کی غیر مشروط معافی مانگ چکے ہیں، توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت  پانچ ستمبر تک ملتوی کر دی۔