Friday, April 19, 2024

یہ کوئٹہ کا جلسہ کر لیں پھر ہم بھی کچھ نہ کچھ کریں گے ، شیخ رشید

یہ کوئٹہ کا جلسہ کر لیں پھر ہم بھی کچھ نہ کچھ کریں گے ، شیخ رشید
October 19, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا یہ کوئٹہ کا جلسہ کر لیں پھر ہم بھی کچھ نہ کچھ کریں گے۔ عوامی مسلم لیگ آزاد کشمیر کی تقریب سے خطاب میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی دباو بڑھایا جا رہا ہے ، وہیں اندرنی خلفشار بھی پیدا کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کا اصل ایجنڈا ہے کہ ہم سینٹ الیکشن نہ جیت سکیں لیکن مارچ میں عمران خان کی ایوان بالا میں بھی اکثریت ہو گی۔ حکومت کا ہر رکن مہنگائی کی لعنت کو ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی ہے لیکن میرا دل کہتا ہے کہ عمران خان آئندہ دو ماہ میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کر دے گا اور مہنگائی پر قابو پا لے گا۔ عمران خان کو جو خزانہ ملا وہ مسائل زدہ تھا۔ ملک کو اس بے دردی سے لوٹا گیا کہ دو سال میں مہنگائی ختم نہ ہو سکی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیل رہی ہے، اگر جلسوں سے حکومت جاتی تو پھر کسی بھی وقت جمہوریت کے خلاف اکھٹا ہوا جاسکتا ہے۔ اپوزیشن کو بالکل کھلا بھی نہیں چھوڑا جا سکتا،انکا کوئٹہ والا جلسہ ہو جانے دیں پھر حکومت بھی کچھ کرے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ظالموں نے بانی پاکستان کے مزار کو بھی نہیں بخشا۔ قائد کے مقبرہ کی بے حرمتی کرنے پر قانون کو حرکت میں آنا چاہیئے۔