Friday, April 26, 2024

یہ دنیا یہ محفل میرے کام کی نہیں، لیجنڈری گلوکار اور سروں کے بے تاج بادشاہ محمد رفیع کو بچھڑے پینتیس برس بیت گئے

یہ دنیا یہ محفل میرے کام کی نہیں، لیجنڈری گلوکار اور سروں کے بے تاج بادشاہ محمد رفیع کو بچھڑے پینتیس برس بیت گئے
July 31, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) سروں کے بے تاج بادشاہ محمد رفیع کو دنیا چھوڑے پینتیس برس بیت گئے لیکن ان کی مدھر آواز آج بھی کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ آج لیجنڈری گلوکار کی پینتیس ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ گائیگی کی دنیا میں محمد رفیع کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں چوبیس دسمبر کو امرتسر کے علاقے کوٹلہ سلطان سنگھ گاؤں میں پیدا ہونیوالے رفیع چھے بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔ محمد رفیع نے تیرہ سال کی عمر میں لاہور ریڈیو سے پنجابی گانے گا کر فنی سفر شروع کیا اور سترہ برس کی عمر میں موسیقار شیام سندر کی دعوت پر انیس سو اکتالیس میں ممبئی چلے گئے جہاں ایک تابناک مستقبل ان کا منتظر تھا۔ ممبئی کی فلم انڈسٹری کے لئے محمد رفیع کی آواز کسی نعمت سے کم نہ تھی۔ رفیع نے فلم انمول گھڑی سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کے گائے گیت فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ تین دہائیوں تک بھارتی فلموں میں راج کرنے والے محمد رفیع نے دلیپ کمار، دیو آنند، دھرمیندر، جتیندر، رشی کپور، شمی کپور اور امیتابھ بچن جیسے اداکاروں کے لیے گائیکی کی۔ لیجنڈری گلوکار نے چھتیس ہزار گیتوں، غزلوں، بھجنوں، نعتوں اور ترانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور موسیقی کی مختلف اصناف کلاسیکل، غزل، ٹھمری، قوالی اور پلے بیک سنگنگ میں اپنا لوہا منوایا۔ محمد رفیع کو فلم فیئر ایوارڈ اور نیشنل ایوارڈ سمیت کئی ایوارڈ دیئے گئے۔ اپنی آواز سے دلوں کے تار چھیڑنے والے محمد رفیع پینتیس سال قبل آج کے دن اپنے چاہنے والوں کو سوگوار کر گئے مگر وہ اپنی آواز کے ذریعے آج بھی لاکھوں چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔