Sunday, May 12, 2024

یہ دن قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کا دن ہے ، وزیراعظم کا پیغام

یہ دن قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کا دن ہے ، وزیراعظم کا پیغام
August 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا قوم کو یوم آزادی مبارک ہو۔ آج قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کیلئے عہد کرنے کا دن ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں قوم کو یوم آزادی کی مبارک باد پیش کی اور  کہا یہ قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کرنے اور  وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ قوم کے بیٹوں نے اس دھرتی اور اس کے نظریے کے دفاع کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا رہا، ہم نے اندرونی اور بیرونی محاذوں پر جنگ لڑی، ہماری قوم نے ہمسایہ ملک کی دشمنی، دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ قدرتی آفات، وبائی امراض کا بھی ہماری قوم نے ہمیشہ استقامت سے مقابلہ کیا ۔ ہم آج عہد کرتے ہیں ثابت قدم رہیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم “اتحاد ، ایمان اورتنظیم” کی مشعل راہ سے ہر چیلنج کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اس ملک میں ایسا نظام حکومت بنائیں گے جو آزادی کے نظریات اور مقاصد کے مطابق ہو، ایک ایسا نظام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی برقرار ہے، ہم نے “ریاست مدینہ” کو اپنا رول ماڈل منتخب کیا ہے۔ کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آج یوم آزادی کے دن ہمارا دل بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہے جہاں گزشتہ ایک سال سے فوجی محاصرے جاری ہے، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔