Thursday, May 9, 2024

یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گی ، مولانا فضل الرحمان

یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گی ، مولانا فضل الرحمان
October 5, 2019
 پشاور (92 نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گی۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا دھرنا ہمارا آخری فیصلہ ہے، یہ جنگ حکومت کے خاتمے تک ہو گی۔ ہماری جنگ کا میدان پورا ملک ہو گا۔ اسلام آباد پہلا پڑاؤ ہو گا، اسکے بعد پلان بی اور سی دیں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن ستائیس اکتوبر کو آزادی مارچ کرنے پر ڈٹ گئے۔ انہوں نے کہا نا اہل حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ ہم دوبارہ الیکشن چاہتے ہیں، یہی ہمارا مؤقف ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا ملک اس وقت معاشی لحاظ سے ڈوب رہا ہے۔ عام آدمی کی چیخ و پکار آسمانوں کو چھو رہی ہے۔ پورا ملک کاروباری جمود کا شکار ہے۔ ملک جب معاشی لحاظ سے ڈوبتا ہے تو تبدیلی کی لہر آتی ہے۔ ہم نے اس ملک کے عوام کا ترجمان اور ملک کی آواز بن کر آگے جانا ہے۔ مولانا فضل الرحمان بولے سب کا اس بات کا ماننا ہے کہ 25 جولائی کے الیکشن جعلی تھے۔ جب کوئی اس طرح میدان میں اترتا ہے تو وہ گرفتاریوں سے نہیں ڈرتا۔ اگر قیادت کو گرفتار کیا گیا تو اشتعال اس قدر بڑھے گا کہ کسی کے کنٹرول میں نہیں رہے کا۔ زرداری صاحب ہمارے ساتھ ہیں ہم کو کہیں سے بھی مایوسی نہیں مل رہی۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا مدارس والا کارڈ فیل ہو چکا ہے۔ مدرسوں کا ایشو لے کر آپ کو دنیا کیا دکھانا چاہتے ہیں، ایسی حکومت کی پشت پناہی نہ کی جائے اداروں سے تصادم نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا ہم اپوزیشن کو اس مارچ میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں۔ 2018 کے نتائج کسی کو قبول نہیں تو پھر تمام پارٹیوں کو ایک ساتھ ہونا چاہیئے۔ ہم نے الیکشن کو نہیں مانا،احتجاج کر رہے ہیں اور عوام کے پاس گئے ہیں۔