Thursday, May 16, 2024

یکم نومبر سے دنیا بھر کے مسلمان عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں گے

یکم نومبر سے دنیا بھر کے مسلمان   عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں گے
October 3, 2020

مدینہ ( 92 نیوز) دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے خوشی کی خبر ہے کہ  بیرون ممالک مقیم مسلمان یکم نومبر  سے عمرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے جبکہ سعودی عرب کل سے مذہبی مقامات زائرین کے لئے کھول رہاہے ، اس کے ساتھ مقامی زائرین عمرہ کی سعادت بھی ادا کرسکیں گے ۔ ادھر مسجد نیوی ﷺ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی شریف ﷺ میں روضہ اطہر کو دو ہفتوں کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ایک بار پھر فضائیں لبیک اللھم لبیک  کی صداؤں سے معطر ہوگی،دنیا بھر کے مسلمانوں خانہ کعبہ کی زیارت اور طواف کرسکیں گے ، حکومت نے کل سے عمرہ مناسک کی بحالی کی تمام ضروری تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے۔

سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت نےاعتمرنا ایپ ریلیز کیے جانے کے بعد پہلے ہفتے میں ایک لاکھ 8 ہزار 14 مقامی اور غیر ملکی فرزندان توحید کی عمرہ کی درخواستوں کی منظوری دے دی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق بیرون ممالک مقیم مسلمان بھی یکم نومبر سے عمرہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے جبکہ کل سے سعودی عرب میں مقیم مسلمانوں کو عمرہ کی ادا کرنے کی اجازت ہوگئی۔

سعودی حکومت نے عمرہ کے حوالے سے تین مراحل طے کئے ہیں ، پہلے مرحلے میں سعودی عرب میں مقیم 6 ہزار مسلمان ہی اس مذہبی فریضے کو ادا کرسکیں گے،18 اکتوبر سے عمرہ زائرین کی تعداد15 ہزار سے 40 ہزار تک بڑھا دی جائے گی۔

یکم نومبرسے  20 ہزار سے 60ہزار تک بیرون ممالک سے عمرہ زائرین آ سکیں گے ،مدینہ منورہ میں واقع دوسرے مقدس حرم مسجد نبوی ﷺ کے اندر واقع روضہ اطہر کو دو ہفتوں کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد نبوی شریفﷺ انتظامیہ نے کہا ہے کہ  17 اکتوبر سے زائرین روضہ اطہر میں نماز بھی ادا کرسکیں گے۔وزارت حج وعمرہ نے اعتمرنا ایپ جاری کردی ہے جسے ڈاؤن لوڈ کرکے عمرہ یا روضہ اطہر میں نماز کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔