Sunday, April 28, 2024

یکم مئی سے پنجاب بھر میں یونین کونسلز ختم کرنے کا اعلان

یکم مئی سے پنجاب بھر میں یونین کونسلز ختم کرنے کا اعلان
April 29, 2020
 لاہور (92 نیوز) یکم مئی سے پنجاب بھر میں یونین کونسلز ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ تمام یونین کونسلز نئے نظام کے تحت نئی کونسلز میں ضم ہو جائیں گی۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب کی ڈپٹی کمشنرز کو ڈی فنکٹ یونین کونسلز سے متعلق اہم ہدایات جاری ہو گئیں۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت قائم کردہ بلدیاتی نظام میں یونین کونسلز بطور مقامی حکومت ختم کر دی گئی ہیں۔ متروک یونین کونسلز کی ذمہ داریاں اور فرائض پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت قائم کردہ نئی مقامی حکومتوں کو تفویض کر دیئے گئے ہیں۔ ڈی فنکٹ یونین کونسلز میں متعین ملازمین کو معزز عدالت کے حکم اور ڈپلائیمنٹ پلان کے مطابق متعلقہ بلدیاتی اداروں میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کے تحت بلدیاتی اداروں کا عملہ پیدائش، انتقال، نکاح اور طلاق کے اندراج کا کام جاری رکھے گا۔ بہت جلد عوام کو پیدائش اور انتقال سے متعلق آن لائن رپورٹ کرنے کی سہولت مہیا کر دی جائے گی۔ متروک یونین کونسلز کے سرکاری دفاتر متعلقہ مقامی حکومتوں کے فیلڈ دفاتر میں تبدیل کر دیئے جائیں گے۔