Saturday, April 27, 2024

یکم ستمبر سے پٹرول چار روپے انسٹھ پیسے فی لٹر سستا ہو گا

یکم ستمبر سے پٹرول چار روپے انسٹھ پیسے فی لٹر سستا ہو گا
August 31, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) یکم ستمبر سے پٹرول چار روپے انسٹھ پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پانچ روپے تینتیس پیسے فی لٹر سستا ہو گا۔ وزارت خزانہ نے وضاحت جاری کر دی۔

وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق پٹرول کی قیمت 4 روپے 59 پیسے،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 33 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت 4 روپے 27 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 63 پیسے کم کی جا رہی ہے۔

قیمتوں میں کمی کا بیان وزیر پٹرولیم عمرایوب کی جانب سے دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کا فائدہ عوام کو پہنچایا جارہا ہے۔

دوسری طرف معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے قوم کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خوشخبری تو سنائی لیکن جلد بازی میں غلطی کر گئیں کیونکہ اعدادوشمار درست نہیں تھے۔

فردوس عاشق اعوان نے ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 67 پیسے فی لٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تاہم عمر ایوب نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں5 روپے 33 پیسے فی لٹر کمی کی خوشخبری سنائی۔

وزارت خزانہ نے پہلے تو پٹرولیم مصنوعات پر معاون خصوصی کے ٹویٹ کو غلط قرار دیا اور کہا کہ وزارت خزانہ قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن آج شام کو جاری کرے گی تاہم تھوڑی دیر کے بعد تیل قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا۔