Friday, April 26, 2024

یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا عندیہ

یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا عندیہ
July 30, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) یکم اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا عندیہ دیدیا گیا۔ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا جس کے بعد پٹرول کی قیمت نے سنچری کراس کی۔ حکومت نے رواں سال میں ذیادہ مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی۔ لیکن ایک مہینے میں ایسا اضافہ کیا کہ سب پر پانی پھیر دیا۔ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی تو 25 مارچ سے 25  جون تک پٹرول 37 روپے 7 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا۔ اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 42 روپے 10 پیسے فی لٹر جبکہ مٹی کا تیل 56 روپے 89 پیسے اور لائٹ ڈیزل 39 روپے 37 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا۔ جنوری 2020 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے پٹرول کی  فی لٹر قیمت 116 روپے 60 پیسے ، ڈیزل 127 روپے 26 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 99 روپے 45 پیسے مقرر کی گئی جب کہ جنوری کی قیمتیں فروری کے مہینے میں برقرار رکھی گئیں۔ مارچ کے مہینے میں پٹرول ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 5 روپے مٹی کے تیل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی گئی۔ ماہ اپریل کیلئے 25 مارچ کو نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 15 روپے 03 پیسے ، ڈیزل 15 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ مئی 2020 میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے پٹرول 14 روپے 98 پیسے، ڈیزل 27 روپے 15 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے 01 پیسے کمی کی گئی۔ جون میں پٹرول کی قیمت میں مزید 7 روپے 06 پیسے کمی کرکے نئی قیمت 74 روپے 52 پیسے مقرر کی گئی، ڈیزل کی قیمت میں 5 پیسے اضافہ کیا گیا جس سے نئی قیمت 80 روپے 15 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 35 روپے 56 پیسے مقرر کی گئی تھی۔ جون میں ریکارڈ کمی کے بعد ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت پیدا ہوگئی جس کے بعد 25 جون کو حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دئیے اور 26 جون سے 31 جولائی تک پٹرول 25 روپے 58 پیسے فی لٹر مہنگا کرکے پٹرول کی قیمت 100روپے 10 پیسے فی لٹر تک پہنچا دی۔ ہائی اسپیڈڈیزل کی قیمت 21 روپے 31 پیسے فی لٹر اضافے کے بعد 101روپے46پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 23روپے 50پیسے فی لٹر اضافے کے بعد 59روپے 6 پیسے ۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 17روپے 84پیسے فی لٹراضافے کے بعد 55روپے 98 پیسے ہوگئی۔