Friday, March 29, 2024

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بالآخر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کو گرفتاری دے دی

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بالآخر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کو گرفتاری دے دی
July 9, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے بالآخر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کو گرفتاری دے دی، پولیس نے نیب کے حوالے کردیا، اس سے قبل نیب اہلکاروں نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو مسلم لیگ ن کے کارکن دیوار بن گئے۔ ،، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے ایک سال قید کی سزا سنا رکھی ہے۔سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے دو روز چھپے رہنے کے بعد بالآخر گرفتاری دے دی، لیکن یہ اعزاز نیب کے بجائے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی کے حصے میں آیا،، پولیس نےگرفتاری کےبعد نیب کے حوالے کردیا۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کی ریلی میں گرفتاری دینے پہنچے، ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو نیب ٹیم نے گرفتاری کرنے کی کوشش کی تو کارکن قانون کی راہ میں رکاوٹ بن گئے، جس پر نیب ٹیم نے قریب پہنچ جانے کے باوجود گرفتار نہ کیا، تاہم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے سکستھ روڈ پہنچ کر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کو گرفتاری دے دی۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں معاونت کے جرم میں ایک سال قید کی سزا سنا رکھی ہے،، جس کے بعد دو دن کے لئے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر روپوش ہوگئے لیکن آج انہوں نے گرفتاری دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی غیرت کا تقاضا ہے کہ وہ گرفتاری دے دیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے تو گرفتاری دے دی،، سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز نے بھی جمعہ تیرہ جولائی کو وطن واپسی کا اعلان کر رکھا ہے۔۔