Friday, April 19, 2024

یوکرین تنازع کے تمام فریق جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بند کریں: جان کیری، باہمی تعلقات خراب کرنیوالے اقدامات سے گریز ضروری ہے: سرگئی لاروف

یوکرین تنازع کے تمام فریق جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بند کریں: جان کیری، باہمی تعلقات خراب کرنیوالے اقدامات سے گریز ضروری ہے: سرگئی لاروف
May 13, 2015
یوکرائن (ویب ڈیسک) امریکا کے وزیر خارجہ جان کیری نے یوکرائن تنازعے کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بند کر کے معاہدے کی پاسداری کریں۔ سوچی میں سرگئی لاروف کے ساتھ مذاکرات کے بعد جان کیری نے کہا یوکرائن میں جنگ بندی کی شرائط پر عمل ہونے پر روس کیخلاف امریکی اور یورپی یونین کی پابندیاں اٹھا لی جائینگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی چیلنجوں کے مقابلے کیلئے روس اور امریکا میں تعاون ناگزیر ہے جبکہ لاروف نے کہا سوچی میں ہونیوالی ملاقات میں امریکا اور روس کو ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔ جان کیری کا کہنا تھا پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے فیصلہ ساز شخصیات کے ساتھ براہ راست بات چیت کا کوئی متبادل نہیں۔ ولادی میر پوتین کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جان کیری نے کہا انہوں نے یوکرائن، شام اور ایران سمیت تمام معاملات پر روسی صدر کے ساتھ بے تکلف گفتگو کی اور رابطے برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔ پریس کانفرنس میں سرگئی لاروف کا کہنا تھا ایسے اقدامات سے گریز انتہائی ضروری ہے جن کے نتیجے میں امریکہ اور روس کے باہمی تعلقات مزید خراب ہوں۔