Wednesday, April 24, 2024

یوکرائنی طیارے کی تباہی بارے نیویارک ٹائمز کا نیا انکشاف

یوکرائنی طیارے کی تباہی بارے نیویارک ٹائمز کا نیا انکشاف
January 27, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) یوکرائنی طیارے کی تباہی کے حوالے سے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے نیا انکشاف کر دیا، رپورٹ کے مطابق صدر روحانی نے دنیا کو سچائی نہ بتانے کی صورت میں مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔ بدنصیب یوکرائنی طیارے کی تباہی کے حوالے سے سے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی خصوصی رپورٹ میں حیران کن انکشافات کردیئے، امریکی اخبار کے مطابق پاسداران انقلاب نے مسافر طیارے کو میزائل سے گرانے کے بعد 3 دن تک ایرانی صدر حسن روحانی کو اندھیرے میں رکھا۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے امریکی فوجی اڈوں پر حملے کے پیش نظر تہران ایئرپورٹ پر مسافر طیاروں کی آمد روفت معطل نہیں کی۔ ایرانی ایروسپیس کمانڈر فورس جنرل عامر علی حاجی زادے نے یونٹ کے حکام کو کہا تھا کہ وہ ایران کی ایئرسپیس بند کر دیں لیکن ان کی سنی نہیں گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے مسافروں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا اور صرف سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو سچائی سے آگاہ کیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق ایرانی فوجی حکام نے ملک کی سیاسی قیادت اور عوام سے سچ چھپایا۔ صدر روحانی نے کئی بار فوج کی اعلیٰ قیادت کو ٹیلی فون کیے لیکن کسی نے ان کی کالز کا جواب نہیں دیا۔ صدر روحانی کے قریبی ساتھیوں کے مطابق صدر کو جب حقیقت بتائی گئی تو وہ انتہائی برہم ہوئے۔ اس موقعے پر جرنیلوں نے مزاحمت کی اور کہا کہ حقیقت بتانے سے ملک میں عدم استحکام ہو سکتا ہے۔ جرنیلوں کی مزاحمت دیکھنے پر صدر روحانی نے مستعفیٰ ہونے کی دھمکی دے دی اور کہا کہ بوئنگ کمپنی اور بلیک باکس کی آزادانہ تحقیقات میں حقیقت سامنے آ ہی جائے گی اور اس سے ایران اور حکومت پر عوامی بھروسے کو شدید دھچکہ پہنچے گا۔