Thursday, May 9, 2024

یوکرائنی طیارہ مار گرانے پر تہران میں احتجاج کا سلسلہ جاری

یوکرائنی طیارہ مار گرانے پر تہران میں احتجاج کا سلسلہ جاری
January 13, 2020
تہران (92 نیوز) ایران کی جانب سے یوکرائنی طیارہ  مار گرانے کا اعتراف کرلیا گیا ،  تہران میں مظاہروں کا سلسلہ تھم نہ سکا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے ایران جلد ہی مذاکرات پر مجبور ہو جائے گا، ایران کی واحد خاتون اولمپک مڈلسٹ نے بھی ملک چھوڑ دیا۔ ادھر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ہلاک ہونے والوں کو انصاف دلوانے کا وعدہ کر لیا۔ ایرانی فوج کی غیر ارادی غلطی حکومت پر بھاری پڑنے لگی، تہران میں دوسرے روز بھی سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ریاستی اداروں اور اعلیٰ قیادت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ،پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اس سارے معاملے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر کود پڑے اورٹویٹ میں کہا کہ معاشی پابندیوں اور احتجاجی مظاہروں نے ایران کو دبوچ لیا  ہے ، یہ صورتحال ایران کو مذاکرات پر مجبور کر دے گی اور اگر ایسا ہوا تو وہ لاتعلق نہیں رہ سکیں گے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ مذاکرات ضرور ہوں گے، لیکن ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کو انتباہ کیا کہ وہ احتجاجی مظاہرین کو قتل نہ کرے۔ ایرانی حکومت کو مسلسل دھچکے لگنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ایران کی واحد خاتون اولمپک مڈلسٹ کیمیا علی زادے نے ایران چھوڑ دیا ہے۔ 21 سالہ کیمیا نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ انھوں نے ایران اس لیے چھوڑا ہے کیونکہ وہ ’منافقت، جھوٹ، ناانصافی اور خوش آمد‘ کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھیں۔ انھوں نے خود کو ایران میں ’لاکھوں مظلوم خواتین میں سے ایک‘ قرار دیا ،کیمیا علی زادے نے یہ نہیں بتایا کہ وہ اس وقت کس ملک میں موجود ہیں تاہم اطلاعات ہیں کہ وہ حال ہی میں ہالینڈ میں تربیت حاصل کر رہی تھیں۔ دوسری جانب کینیڈا کے شہر ایڈمونٹن میں طیارے میں ہلاک ہونے والے 57 شہریوں کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں دو ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔  کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو بھی تقریب میں موجود تھے۔ تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ جو ہوا ہے وہ اس کے لیے انصاف اور احتساب کی تلاش جاری رکھے گے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو مخاطب ہو کر کہا کہ وہ تنہا نہیں ہے، پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔