Monday, September 16, 2024

یوکرائن کشیدگی پر نیٹو کو جواب‘ روس نے بھی فوجی مشقیں شروع کر دیں

یوکرائن کشیدگی پر نیٹو کو جواب‘ روس نے بھی فوجی مشقیں شروع کر دیں
February 9, 2016
ماسکو (ویب ڈیسک) روس نے یوکرائن کے بحران پر مغربی ممالک کے ساتھ کشیدگی بڑھنے پر جنوبی اور وسطی علاقوں میں اچانک فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق روسی وزارت دفاع کاکہنا ہے کہ مشقوں میں آٹھ ہزار فوجی ، نو سو فوجی گاڑیاں‘ پچاس بحری جنگی جہاز اور دو سو لڑاکا طیارے شریک ہیں۔ ان مشقوں کا مقصد فوجی دستوں کی جنگی تیاریاں کا جائزہ لینا اور روسی سرحدوں پر نیٹو افواج کے اجتماع کیخلاف ملکی دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔ روس نے نیٹو کی فوجی تیاریوں کے تناظر میں اس سال چار نئے فوجی ڈویژنوں کی تشکیل کا بھی اعلان کیا تھا۔ لتھوانیا کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج کی بالٹک کے علاقے میں موجودگی اور غیرعلانیہ فوجی مشقوں سے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام بڑھے گا۔ دوسری طرف شام میں روسی فضائی کارروائی سے مغرب روس تعلقات مزید کشیدہ اور گھمبیر ہو رہے ہیں۔ شامی فوج کی مدد کے بعد سے روس اور مغربی ممالک کے درمیان شام میں براہ راست تصادم کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔