Thursday, March 28, 2024

یوکرائن کا طیارہ حادثے کے ذمہ داران کو سزا ،متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ

یوکرائن کا طیارہ حادثے کے ذمہ داران کو سزا ،متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ
January 11, 2020
کیو ( 92 نیوز) ایران کی جانب سےمسافرطیارےکی تباہی کے اعتراف کے بعد یوکرائن کے صدر نے زمہ داران کو سزا اور معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ یوکرائن کے صدر کی جانب سے کہا گیا کہ امید کرتے ہیں ایران کی جانب سے  معاملے کی تحقیقات میں  کوئی تاخیر ہو گی  اور نہ ہی رکاوٹ ڈالی جائے گی ۔ دوسری جانب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے  ۔ روس کی  خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ کونٹسنٹین نے کہا کہ ایران اس تباہی سے سبق سیکھے ۔ یوکرائن کا مسافرطیارہ 8 جنوری کوتباہ ہوا، طیارے کی تباہی میں عملے سمیت 176 افراد ہلاک ہوئے، 63 مسافروں کا تعلق کینیڈا سے تھا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعد فوٹیجز میں طیارے کو میزائل سے نشانہ بنتے دیکھا جاسکتا ہے ، جبکہ ایک غیر ملکی میڈیا نے طیارہ حادثے کے بعد کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی جاری کی جس میں طیارے کا ملبہ زمین پر گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یوکرائن کا مسافرطیارہ 8جنوری کوتباہ ہوا ، تہران سے کیف جانے والی پرواز اڑان کے بعد محض آٹھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گئی تھی۔ جس میں عملے سمیت 176افراد ہلاک ہو گئے تھے ، اسی رات ایران نے عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل داغے تھے۔ کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں متعدد ذرائع سے ملنے والی معلومات سے اشارہ ملتا ہے کہ یہ طیارہ ایران کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا نشانہ بنا۔ جبکہ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ ممکن ہے کہ یہ عمل ’غیرارادی طور پر ہوا‘۔