Tuesday, April 16, 2024

یوٹیوب ’شارٹس‘ پر ویڈیو اپ لوڈ سے ماہانہ آمدن حاصل کریں

یوٹیوب ’شارٹس‘ پر ویڈیو اپ لوڈ سے ماہانہ آمدن حاصل کریں
August 5, 2021 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (92 نیوز) یوٹیوب نے رواں برس کے آغاز میں اعلان کردہ فیچر ’شارٹس‘ کے صارفین کے لیے اعلان کیا ہے کہ اب وہ بھی پلیٹ فارم پر مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کر کے اس سے آمدن حاصل کر سکیں گے۔ 

ویڈیو ایپلیکیشن ٹک ٹاک کے مقابل فیچر کے طور پر سامنے آنے والے ’یوٹیوب شارٹس‘ کے لیے گوگل کی ملکیتی کمپنی نے 100 ملین ڈالر کا یوٹویب شارٹ فنڈ متعارف کرایا ہے۔ مختصر ویڈیوز بنانے والوں کو ’زیادہ انگیجنگ‘ اور ’زیادہ دیکھی جانے والی‘ ویڈیوز پر 2021 سے 2022 کے دوران ادائیگیاں کی جائیں گی۔

یوٹیوب کے اس اقدام کا مقصد ویڈیو بنانے والوں کو ’شارٹ‘ فیچر کی جانب راغب کرنا ہے۔ ’شارٹ پر ویڈیوز بنانے والوں کو رواں ماہ اگست سے ادائیگیاں شروع کی جائیں گی۔‘

ہر ماہ یوٹیوب ہزاروں ویڈیو بنانے والے افراد کو فنڈ سے ادائیگی کے لیے مدعو کرے گا۔ یہ ادائیگیاں 100 ڈالر سے 10 ہزار ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہیں۔ جس کا تعین شارٹ ویڈیوز کی انگیجمنٹ اور ویورشپ سے کیا جائے گا۔

گوگل کی ملکیتی کمپنی کی جانب سے ویڈیو بنانے والوں کو رقم کی ادائیگی کے لیے طے کی گئی شرائط بتانے سے انکار کیا گیا ہے، تاہم یہ واضح کیا ہے کہ ادائیگیوں کے لیے ویور شپ اور انگیجمنٹ کے نمبرز ہر ماہ تبدیل ہو سکتے ہیں۔

امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق ’یوٹیوب کا کہنا ہے کہ وہ ادائیگی کے لیے معیار کا تعین اچھی کارکردگی دکھانے والے چینلز کے جائزے کی بنیاد پر کرے گی۔ اس کے بعد ان کو دیئے جانے والے بونس کا تعین ویوز، آڈینس کے ملک و شہر وغیرہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔‘

یوٹیوب کے شارٹس فنڈ سے رقم انہیں ملے گی جو اوریجنل مواد تیار کریں گے۔ دوسرے چینلز یا سوشل پلیٹ فارمز کی ویڈیوز کو نئے سرے سے اپ لوڈ کرنے والوں کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔