Tuesday, April 16, 2024

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن انتظامیہ اور ورکرز یونین کے مذاکرات کامیاب، اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن انتظامیہ اور ورکرز یونین کے مذاکرات کامیاب، اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے
April 24, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ورکرز یونین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز کھلنا شروع ہوگئے۔ اس سے قبل آل پاکستان ورکرز یونین کے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز اور چیئرمین سے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے جس کے بعد لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے یوٹیلیٹی اسٹورز آج بند رہے۔ اس حوالے سے یونین کے مرکزی صدر سید عارف شاہ کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں اور یوٹیلیٹی سٹور کے ملازم ملک الطاف کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل جبکہ ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو رمضان المبارک میں بنیادی تنخواہ کے برابر بونس بھی دیا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی ان کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کریں۔ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے وہ اسٹورز کے تالے نہیں کھولیں گے۔ ادھر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا یونین نے سیاست چمکانے کیلئے سٹورز بند کیے۔ ادارے کو پہلے ہی خسارے کا سامنا ہے، تین برسوں کے بقایا جات دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ ملازمین کے تمام مطالبات پورے کر دئیے ہیں۔