Tuesday, May 7, 2024

یوٹیلیٹی اسٹور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کے ملزم شوکت کی بریت کیخلاف نیب اپیل مسترد

یوٹیلیٹی اسٹور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن کے ملزم شوکت کی بریت کیخلاف نیب اپیل مسترد
October 29, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ میں یوٹیلیٹی اسٹور کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں کرپشن کے ملزم شوکت اللہ خان کی بریت کیخلاف نیب اپیل مسترد کردی گئی۔ چیف جسٹس نے اہم سوالات اٹھا دئیے، استفسار کیا جب جرم ہوا اس وقت نیب کا وجود ہی نہیں تھا، کسی ملزم کا جرم کے بعد بننے والے قانون پر ٹرائل کیسے کیا جا سکتا ہے؟ عدالت نے کیس کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 1991 سے 96 کے دوران جرم ہوا جرم کے وقت نیب کا وجود ہی نہیں تھا۔ کسی ملزم کو جرم کے بعد بننے والے قانون پر ٹرائل کیسے کیا جا سکتا ہے؟ جرم کے وقت جو قانون ہو گا وہی لاگو ہوگا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب عمران الحق نے بتایا کہ نیب نے سپریم کورٹ کے ایک کیس کے فیصلے کے تناظر میں کارروائی کی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ملزم نے کوئی جرم نہیں کیا دوسروں کیلئے قانون بنائے جاتے ہیں جب وہی قانون خود پر لاگو ہوتا ہے تو ختم کر دیا جاتا ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ عدالت اجازت دے تو ملزمان کا مجاز قانون کے تحت ٹرائل کیا جا سکتا ہے، اس پر چیف جسٹس نے کہا نیب 30 سال پرانا کیس کھولنا چاہتی ہے اگر کوئی دوسرا قانون لاگو ہو سکتا ہے کریں پراسیکوشن احتساب عدالت کے فیصلے سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ کیس کی دوبارہ تحقیقات میں ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے رکاوٹ نہیں ہوں گے۔