Thursday, March 28, 2024

یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء سستی کی بجائے مہنگی ہو گئیں

یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء سستی کی بجائے مہنگی ہو گئیں
February 12, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی کابینہ نے مہنگائی  میں کمی کیلئے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ،  پلان کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز  پر عوام کو سستی اشیا ملیں گی لیکن یوٹیلٹی اسٹورز پر الٹی گنگا بہنے لگی، گھی اور چینی کی قیمتیں کم ہونے کی بجائے بڑھ گئیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کا بے قابو جن مزید بے قابو ہو گیا ، حکومت کے ریلیف کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے  ،  وفاقی کابینہ کے گزشتہ روز کے فیصلوں نے جلتی پر تیل کا کام کیا عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا دے دیا ، یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی5، چینی 2 روپے کلو مہنگی ہو گئی ۔ گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی فراہمی کیلئے 15 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دی لیکن اس کے برعکس یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی اور چینی کی قیمت کم ہونے کی بجائے بڑھ گئی ۔ کابینہ فیصلوں کے باعث ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمت 170 روپے سے بڑھا کر 175 روپے کلو اور چینی کی قیمت 68 روپے کلو سے بڑھا کر 70 روپے کلو ہوگئی ۔ سات  جنوری 2020 کو یوٹیلیٹی اسٹور پر گھی کی قیمت 190 روپے سے کم کرکے 170 روپے کلو کرنے کا سرکلر جاری کیا گیا جبکہ چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کرکے 68 روپے کی گئی جو اب بھی نافذ العمل ہیں ، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 800 روپے برقرار رہے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری ہوگا۔