Saturday, April 27, 2024

یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز یونینز کی ہڑتال ، ملک بھر میں اسٹورز بند کر دیئے

یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز یونینز کی ہڑتال ، ملک بھر میں اسٹورز بند کر دیئے
April 24, 2020
 اسلام اباد (92 نیوز) رمضان سے ایک روز قبل عوام کیلئے نئی مصیبت آ گئی۔ یوٹیلٹی اسٹورز ورکرز یونینز نے ہڑتال کرتے ہوئے ملک بھر میں اسٹورز بند کردیئے۔ آل پاکستان ورکرز یونین کے ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز اور چیئرمین سے مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان کے یوٹیلیٹی اسٹورز آج بند رہیں گے۔ یونین کے مرکزی صدر سید عارف شاہ کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے کو کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں اور یوٹیلیٹی سٹور کے ملازم ملک الطاف کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے، ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو رمضان المبارک میں بنیادی تنخواہ کے برابر بونس بھی دیا جائے۔ انہوں نے وزیراعظم سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی ان کے مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کریں۔ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے وہ اسٹورز کے تالے نہیں کھولیں گے۔ ادھر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن عمر لودھی نے کہا یونین نے سیاست چمکانے کیلئے سٹورز بند کیے۔ ادارے کو پہلے ہی خسارے کا سامنا ہے، تین برسوں کے بقایا جات دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ ملازمین کے تمام مطالبات پورے کر دئیے ہیں۔