Thursday, March 28, 2024

یوٹیلٹی اسٹورز اور راشن کارڈ کوئی حل نہیں ، سپلائی بڑھانے کی کوشش کریں ، نوید قمر

یوٹیلٹی اسٹورز اور راشن کارڈ کوئی حل نہیں ، سپلائی بڑھانے کی کوشش کریں ، نوید قمر
February 12, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا یوٹیلٹی اسٹورز اور راشن کارڈ کوئی حل نہیں۔ سپلائی بڑھانے کی کوشش کریں۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا عوام کو ملنے والا ریلیف سب نے دیکھ لیا۔ قیمتیں ان چیزوں کی بڑھ رہی ہیں جو اپنی پروڈکشن ہیں۔ پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے دعوے دیگر خوابوں کی طرح ایک خواب ہی لگتا ہے۔ انہوں نے کہا مشیر خزانہ کو ایوان میں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی اداروں نے تعریف کی۔ پوچھنا یہ چاہتا ہوں عوام نے آپ کی کون سی تعریف کی۔ تین چار روز سے سن رہے حکومت کوئی ریلیف دینے والی ہے۔ آج پاکستان کے ہر گھر میں معاشی پالیسی پر بحث ہوتی ہے۔ عوام سوچ رہے ہیں کہ جو آج کھانے کو ملا شاہد کل نہ ملے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا یہ صرف نمبروں کا گورکھ دھندا نہیں حقیقت ہے۔ ایک سال میں 3 فیصد مہنگائی کی شرح سے 14 فیصد تک کیسے پہنچی۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافہ کیسے ہوا۔ دال اور چینی غریب آدمی کی ضرورت ہے جو جتنا زیادہ غریب ہے وہ اتنا ہی متاثر ہو رہا ہے۔ نوید قمر بولے اپنے لوگوں پر اعتماد کر کے ان کو فائدہ نہیں دیں گے تو بحران تو آئے گا۔ ای سی سی کے اس فیصلے پر حیران ہوں۔ یوٹیلیٹی سٹورز اور راشن کارڈ اس معاملے کا حل نہیں ہے جس طرح 50 لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں تھیں اسی طرح یہ 20 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز ہونگے۔