Thursday, March 28, 2024

یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد اور دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں کانووکیشن کا انعقاد

یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد اور دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں کانووکیشن کا انعقاد
December 14, 2020

فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے چھٹے اور دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے ساتویں کانووکیشن کا انعقاد ہوا۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ہونہار طلباء میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔

یونیورسٹی آف فیصل آباد کے طلبہ کے لیے آج کا دن خوشیوں بھرا ٹھہرا۔ ہیلتھ سائنسز کیمپس میں منعقدہ کانووکیشن میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے مہمان خصوصی اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانووکیشن کے صدر کی حیثیت سے شرکت کی۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے پیٹرن انچیف میاں محمد حنیف، 92 نیوز میڈیا گروپ کے سی ای او میاں محمد رشید، چیئرمین بورڈ آف گورنرز میاں محمد حیدر امین بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اس موقع پر یونیورسٹی آف فیصل آباد کے تعلیمی خدمات کو خوب پذیرائی بخشی۔ ان کا کہنا تھا کہ نظامِ تعلیم میں جو خلاء حکومت سے رہ گیا وہ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد پُر کر رہی ہے۔

چیئرمین بورڈ آف گورنرز میاں محمد حیدر امین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب ہونے والے طلبہ ہماری یونیورسٹی کا فخر ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ کامیاب ہونے والے طلبہ اپنی خدمات عملی زندگی میں احسن انداز سے پیش کریں گے۔

کورونا وباء کے خطرات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کانووکیشن کے دوران نہ صرف ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا گیا بلکہ ایونٹ میں طلبہ کی تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سیشن کو تین مختلف اوقات میں تقسیم کر دیا گیا۔

کانووکیشن میں کامیاب ہونے والے 144 طلبہ کو گولڈ، سلور اور برونز میڈل جبکہ 1 ہزار 743 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر پیٹرن انچیف میاں محمد حنیف کی جانب سے راجہ بشارت کو یونیورسٹی مومینٹو پیش کیا گیا جبکہ وزیر قانون راجہ بشارت نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز جاوید اکرم کو شیلڈ پیش کی۔