Sunday, May 12, 2024

یونیورسل ہیلتھ کوریج سے پاکستان وہ کام کررہا ہے جو دنیا میں کہیں نہیں ، وزیراعظم

یونیورسل ہیلتھ کوریج سے پاکستان وہ کام کررہا ہے جو دنیا میں کہیں نہیں ، وزیراعظم
May 26, 2021

لیہ (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے یونیورسل ہیلتھ کوریج سے پاکستان وہ کام کررہا ہے جو دنیا میں کہیں نہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں انصاف صحت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا ریاست کمزور طبقے کی مدد کر رہی ہے تو اللہ کی برکت ہے۔ ہمارا آدھا پیسہ قرضوں پر سود ادا کرنے میں چلا جاتا ہے۔ ہم عذاب سے گزر رہے ہیں تو غریب پر کیا گزرتی ہو گی۔ اس کے باوجود خیبرپختونخوا اور پنجاب نے ہیلتھ انشورنس دینے کا فیصلہ کیا۔ ڈاکٹر یاسمین اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میں چاہتا تھا پنجاب کے ہر شہری کے پاس ہیلتھ انشورنس ہوں۔ ہر خاندان کے پاس 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی ہیلتھ انشورنس ہو گی۔ اگرکسی کے پاس پیسے ختم ہو گئے تو مزید 3 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

ادھر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف لیہ کے قیام کا اعلان کر دیا۔ تقریب سے خطاب میں بولے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے آج یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا آغاز لیہ سے کر دیا ہے۔ اس پروگرام کو آج ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن میں باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن کے 48 لاکھ خاندان اور ایک کروڑ 15 لاکھ سے زائد افراد یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ دونوں ڈویژن کے شہری اپنا قومی شناختی کارڈ لے کر مخصوص اسپتالوں میں جاکر علاج معالجے کی بہتر سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ اس پروگرام کے تحت ہر خاندان سالانہ سوا 7 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکے گا۔ انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بہت جلد صوبہ پنجاب کے ہر شہری کو یہ سہولت ملے گی۔ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام پنجاب ایسا پراجیکٹ ہے جس کی مثال جنوبی ایشیا تو کیا شاید بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہ ملے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کا سنگ بنیاد رکھا ہے جس پر 5 ارب 73 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔ نیا پنجاب بیسک ہیلتھ یونٹ سولرائزیشن پروگرام کے تحت لیہ میں 36 بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جارہا ہے۔ عوام کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 67 کروڑ کی لاگت سے لیہ چوک اعظم دو رویہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ یکساں ترقی کے ویژن کے تحت ہم لیہ کو بھی بڑے شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ لیہ کیلئے خصوصی طورپر 13 ارب 80 کروڑ روپے کا ڈسٹرکٹ پیکیج تیار کیا گیا ہے۔