Sunday, September 8, 2024

یونیسکو نے کیلاش قبیلے کی ثقافت کو عالمی ورثہ قرار دے دیا

یونیسکو نے کیلاش قبیلے کی ثقافت کو عالمی ورثہ قرار دے دیا
November 30, 2018
پشاور (92 نیوز) یونیسکو نے کیلاش قبیلے کی ثقافت کو عالمی ورثہ قرار دے دیا۔ یونیسکو نے کیلاش قبیلے کی "سوری جاگیک" ثقافت کو ثقافت کے عالمی ورثے میں شامل کر دیا۔ کیلاش قبیلے کی تیزی سے معدودم ہوتی ثقافت کو محفوظ بنانے کے لئے یونیسکو میدان میں آ گیا۔ ماریشس میں جاری یونیسکو کی بین الاحکومتی کمیٹی اجلاس کے دوران چترال کے کیلاش قبیلے کی ثقافت سوری جاگیک کو بین الاقوامی ثقافت کا حصہ قرار دے دیا۔ سوری جاگیک سورج، چاند اور ستاروں کے مشاہدے پر مشتمل ایک علم ہے جس کے ذریعے کیلاش قبیلے کے لوگ تہواروں، دعوتوں، رسومات، جانوروں کی افزائش نسل اور کھیتی باڑی کے لئے وقت کا تعین کرتے ہیں۔ چترال کے علاقے کیلاش کے بمبریت، بریر اور رمبور گاؤں میں موجود اس مخصوص ثقافت کو محفوظ بنانے کا بیڑا یونیسکو نے اٹھا لیا ہے۔ سوری جاگیک کے ذریعے کیلاش قبیلے کے لوگ موسم اور قدرتی آفات کی پیش گوئی بھی کرتے ہیں۔ ہندوکش کے دامن میں  ابھرنے والی  یہ ثقافت اب اگرچہ تیزی سے  معدوم ہورہی ہے تاہم آج بھی یہ  اس کرشماتی  خطہ زمین میں موجود ہے۔ اسے اب سب کے  مشترکہ ثقافت کا درجہ دے کر محفوظ بنایا جارہا ہے۔