Friday, March 29, 2024

یونس خان کو پاکستان کپ کھیلنے سے روک دیا گیا‘ شوکاز نوٹس جاری

یونس خان کو پاکستان کپ کھیلنے سے روک دیا گیا‘ شوکاز نوٹس جاری
April 26, 2016
لاہور (92نیوز) پی سی بی نے بڑوں کے لاڈ اٹھانے سے انکار کردیا اور قوانین کو معتبر قرار دیتے ہوئے پہلا بڑا قدم اٹھا لیا۔ امپائر سے جھگڑا کرکے پاکستا ن کپ چھوڑکر جانے والے یونس خان کی معذرت مسترد کر دی گئی اور انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی کے برعکس لاڈلوں کو مزید رعایت نہ دینے کافیصلہ کرلیا ہے۔ میچ کے دوران امپائر راشد ریاض سے جھگڑکر بجائے تحقیقات بھگتنے کے بڑے کرکٹر نے چھوٹا پن دکھایا۔ یونس خان کو میچ فیس کاپچاس فیصد جرمانہ کیا گیا تو فیصلے بدلنے کے ماہر یونس خان ناراض ہو کر پاکستان کپ ادھورا چھوڑ کر واپس چلے گئے۔ غلطی کا احساس ہوا تو چیئرمین پی سی بی کو فون کر ڈالا اور معذرت کی لیکن کرکٹ بورڈ نے بھی اس مرتبہ ناز نخرے نہ اٹھاتے ہوئے یونس خان کی زبانی معذرت قبول کرنے سے کیا ہے انکار۔ بلے باز کو پاکستان کپ کھیلنے سے روکتے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کر کے 7 دن میں وضاحت طلب کی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ یونس خان نے بیک وقت پانچ شقوں کی خلاف ورزی کی ہے جو ان پر پی سی بی کے سنٹرل کنٹریکٹ کے تحت لاگو ہوتے ہیں۔ یونس خان کے رویہ پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہر یا رخان کا کہنا ہے کہ یونس خان بڑے کھلاڑی ضرور ہیں لیکن کرکٹ سے معتبر نہیں۔ جب تک تحریری وضاحت نہیں دینگے ان کی کرکٹ شروع نہیں ہو سکتی۔