Friday, April 19, 2024

یونانی وزیراعظم تسیپراس اتوار تک قرض دہندگان کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے پراعتماد

یونانی وزیراعظم تسیپراس اتوار تک قرض دہندگان کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے پراعتماد
July 8, 2015
ایتھنز (ویب ڈیسک) یونانی وزیراعظم ایلکسس تسیپراس نے یورپین پارلیمان سے کہا ہے کہ قرضوں کے بحران کے مسئلے کو حل کرنے کےلئے تفصیلی تجاویز تیار کی جا رہی ہیں، وہ غیر ملکی قرض دہندگان کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔ برسلز میں ہنگامی اجلاس کے بعد یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ یہ یورو زون کی تاریخ کا سب سے نازک لمحہ ہے اور حتمی مہلت اس ہفتے کے آخر تک ختم ہو جائے گی۔ یونان کے عوام کی طرف سے مجوزہ بیل آوٹ کو ریفرنڈم کے ذریعے رد کرنے کے بعد یورو زون نے یونان کو نئی تجاویز پیش کرنے کے لیے کہا تھا لیکن یونان کی طرف سے تحریری شکل میں کوئی تجویز سامنے نہیں آئی بلکہ اس نے پہلے سے پیش کردہ مسودے میں معمولی سی تبدیلیاں کرنے کا کہا جو ریفرنڈم میں کیے گئے فیصلے سے مطابقت رکھتی تھیں۔ اتوار کو یورپی یونین کے اٹھائیس ملکوں کا سربراہی اجلاس ہو گا۔ یورپین یونین کے اکنامک کمشنر پیئر ماسکوویچی نے فرانسیسی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یونان کے ساتھ معاہدہ ناگزیر ہے اور یورو زون سے یونان کے نکلنے کو ہر ممکن طریقے سے روکنا چاہیے۔