Friday, May 3, 2024

یونان میں عوام کا جشن !!! 61 فیصد ووٹرزنے بیل آﺅٹ پیکیج کی سخت شرائط مسترد کر دیں

یونان میں عوام کا جشن !!! 61 فیصد ووٹرزنے بیل آﺅٹ پیکیج کی سخت شرائط مسترد کر دیں
July 6, 2015
یونان (ویب ڈیسک) یونان میں بیل آؤٹ پیکیج پر ریفرنڈم کا نتیجہ آگیا۔ عوام نے بھاری اکثریت سے ناں کہہ دیا۔ یونانی وزیراعظم نے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ ہزاروں شہری جیت کا جشن منانے ایتھنز کے سٹگما اسکوائر میں جمع ہو گئے۔ یونان کے معاشی بحران کے بعد بیل آؤٹ پیکیج پر ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا جس میں یونان کے اکسٹھ فیصد عوام نے سخت شرائط کو مسترد کرتے ہوئے ناں کہا جبکہ انتالیس فیصد شہریوں نے ریفرنڈم میں ہاں کی پرچی ڈالی۔ بیل آؤٹ پیکیج مسترد ہونے کی خوشی میں دارالحکومت ایتھنز کے سٹگما اسکوائر میں ہزاروں شہری جمع ہو گئے اور فتح کا خوب جشن منایا۔ ادھر ریفرنڈم میں جیت کے بعد یونانی وزیراعظم ایلیکس تسیپراس کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ عوام نے دلیرانہ فیصلہ کیا ہے اور ریفرنڈم کا نتیجہ جمہوریت کی فتح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کیلئے وہ عالمی قرض خواہوں سے دوبارہ بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ اٹلی کے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یونان کے غیریقینی مستقبل سے عالمی مارکیٹ میں بحران آسکتا ہے۔ ادھر بیل آؤٹ پیکیج کی شرائط مسترد ہونے پر یورو زون کے سربراہوں نے کل ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔