Friday, April 26, 2024

یونان کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، گیارہ افراد ہلاک، پانچ بچے اور چھے نوجوان شامل، متعدد افراد لاپتہ

یونان کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، گیارہ افراد ہلاک، پانچ بچے اور چھے نوجوان شامل، متعدد افراد لاپتہ
October 29, 2015
لیسبوس (ویب ڈیسک) یورپ جانے کے خواہشمند تارکین وطن کا سمندر برد ہونے کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ یونان کے جزیرے کے قریب کشتی ڈوبنے سے پانچ بچوں سمیت گیارہ تارکین وطن زندگی کی بازی ہار گئے۔ یونانی سمندری جزیرے لیسبوس میں تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی۔ لکڑی کی کشتی میں سوار گیارہ تارکین وطن سمندر کی لہروں کی نذر ہو گئے جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہو گئے۔ یونانی کوسٹ گارڈز نے کشتی میں سوار دو سو بیالیس تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچا لیا۔ سمندر کی لہروں میں گم ہو جانے والوں میں چھے نوجوان اور پانچ بچے شامل ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ترکی سے دس کلومیٹر دور لیسبوس جزیرہ تارکین وطن کے لیے یورپ میں داخلے کیلئے ابتدائی گیٹ وے بن چکا ہے۔ رواں سال لیسبوس جزیرے کے راستے پانچ لاکھ افراد یونان میں داخل ہوئے۔