Thursday, April 18, 2024

یونان کو بحران سے کیسے نکالا جائے!!! یورو زون آج یونانی وزیراعظم کی تجاویز کا منتظر

یونان کو بحران سے کیسے نکالا جائے!!! یورو زون آج یونانی وزیراعظم کی تجاویز کا منتظر
July 7, 2015
لاہور (92نیوز) یورپی ملک یونان کے وزیراعظم ایلکسس تسیپراس آج یورپی رہنماوں کے سامنے قرضوں کے بحران کے حوالے سے نئی تجاویز پیش کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق ان تجاویز میں یونان کے موجود قرضوں میں سے 30 فیصد کی معافی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج یونان کے بحران پر یورو زون کے رکن ممالک کا اجلاس برسلز میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس سے قبل جرمنی اور فرانس نے یونان پر زور دیا ہے کہ وہ یورو زون سے اخراج سے بچنے کےلئے سنجیدہ اور ٹھوس تجاویز دے۔ واضح رہے کہ یونانی عوام نے اتوار کو منعقدہ ریفرنڈم میں عالمی قرض دہندگان کی جانب سے مزید قرض کےلئے عائد کفایت شعاری کی شرائط کو بھاری اکثریت سے رد کر دیا تھا۔ قرض دہندگان کی تجاویز مسترد کیے جانے کے بعد یورو زون کے وزرائے خزانہ نے کہا تھا کہ انہیں توقع ہے کہ اب یونان قرضے کی ادائیگی کے حوالے سے نئی تجاویز پیش کرے گا۔ دوسری جانب یونانی حکام نے مزید دو دن یعنی بدھ تک بینک بند رکھنے کا اعلان کیا اور عوام پر رقوم نکالنے کے سلسلے میں عائد پابندیاں بھی نافذ رہیں گی۔