Friday, March 29, 2024

یونان نے پاکستانیوں سمیت دو ہزار پناہ گزینوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا

یونان نے پاکستانیوں سمیت دو ہزار پناہ گزینوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا
December 10, 2015
ایتھنز (ویب ڈیسک) مقدونیہ کی سرحد پر پھنسے مہاجرین کی یورپ پہنچنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ یورپ میں بہتر روزگار کے خواب آنکھوں میں بسائے پاکستانیوں سمیت دو ہزار سے زائد تارکین وطن کو واپس ایتھنز پہنچا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یونان اور مقدونیہ کی سرحد پر کئی روز سے پھنسے تارکین وطن کویونانی حکام نے بسوں پر سوار کر کے دارالحکومت ایتھنز پہنچا دیا ہے جس کے بعد ان تارکین وطن کے مغربی یورپ پہنچنے کے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں۔ دو ہزار تین سو مہاجرین میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔ یونانی حکومت نے ان پناہ گزینوں کو تیس روز میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے جس کے بعد غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کر کے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ مقدونیہ ، سربیا اور سلوینیا نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف شام ، عراق اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن کو سرحد پار کر کے آگے بڑھنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس طرح اب پاکستان، ایران، مراکش اور بنگلا دیش کے تارکین وطن کو واپس اپنے اپنے وطن لوٹنا پڑے گا۔