Friday, April 26, 2024

یونائیٹڈ کرسچن اسپتال لاہور کی اراضی غیرقانونی قابضین سےواگزار کرانے کا حکم

یونائیٹڈ کرسچن اسپتال لاہور کی اراضی  غیرقانونی قابضین سےواگزار کرانے کا حکم
November 19, 2018
لاہور (92 نیوز) سپریم کورٹ لاہوررجسٹری نے یونائیٹڈ کرسچن اسپتال لاہور کی اراضی  غیرقانونی قابضین سےواگزار کرانے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت ہوئی۔ یونائیٹڈ کرسچن اسپتال کی بحالی کے لیے از خود نوٹس پر چیف جسٹس پاکستان نے غیرقانونی قابضین سے اراضی واگزار کرانے کا حکم دے دیا۔ دریائے راوی میں گندے پانی کے ڈالے جانے کے معاملے پر وزیر منصوبہ بندی محمود الرشید عدالت پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ایک ہفتے میں واٹر فلٹریشن سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔ زیر زمین سے پانی نکال کر فروخت کرنے والی کمپنیوں سے متعلق ازخود کیس  میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پیش نہ  ہونے والے مالکان کا نام  ای سی ایل میں ڈالنے کا کہوں گا۔ چیف جسٹس نے اعتزاز احسن کی مقدمے کی سماعت تیس نومبر تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ کٹاس راج اور زمین سے پانی نکالنے پر سیمنٹ فیکٹریوں کے خلاف کیس  میں ڈی جی سیمنٹ کو آٹھ کروڑ روپے ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دے دیا گیا۔ عدالت نے دو کروڑ روپے بطور جرمانہ بھی ڈیم فنڈ میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ازخودنوٹس کیس نمٹا دیا۔ سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ قتل سے متعلق ازخود کیس میں چیف جسٹس نے  پولیس سے رپورٹ اورملزم کی گرفتاری کا تحریری اعتراف بھی طلب کر لیا۔ عدالت نے  اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے سابق کمشنر افضال بھٹی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم واجب الادا رقم کی ادائیگی سے مشروط کر دیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اکہتر سال پرانے جائیداد کا معاملے سے متعلق کیس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے پی ایم ڈی سی اور ڈرگ ریگولیٹری اتهارٹی میں بے ضابطگیوں کا نوٹس لے کر ایک ماہ میں فرانزک آڈٹ کا حکم  دے دیا۔