Wednesday, April 24, 2024

یومِ عاشور پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات

یومِ عاشور پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات
August 30, 2020
لاہور (92 نیوز) یومِ عاشور پر ملک بھرمیں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ جلوسوں اور مجالس میں کسی کو بھی بغیر تلاشی داخلے کی اجازت نہیں، کئی شہروں میں موبائل فون سروس بھی جزوی بند کردی گئی ہے۔ لاہور میں یوم عاشورہ کے مرکزی جلوس کیلئے جامع ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے، ڈویژنل افسران کی نگرانی میں 6 ڈی ایس پی، 72 انسپکٹرز، 121 پٹرولنگ افسران، 1390 وارڈنز تعینات رہیں گے۔ ٹریفک کی موثر روانی کیلئے تمام دفتری اسٹاف، لیڈی وارڈنز بھی تعینات رہیں گی۔ حافظ آباد میں یومِ عاشور کے موقعہ پر پولیس اورضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے فُول پروف انتظام کئے گے ہیں۔ جلوسوں کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ریسکیوسیول ڈیفنس صحت اورمیونسپل کارپوریشن اہلکار بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ ہو گا۔ خانیوال میں یومِ عاشورہ پر جلوس اور مجالس کیلئے سکیورٹی پر 1500 سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں۔ ڈی پی او فرحان قیوم چودھری کے مطابق مرکزی جلوس کیلئے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب، لائیو مانیٹرنگ جاری ہے۔ مرکزی جلوس شام 7 بجے لاہور موڑ پر اختتام پذیر ہو گا۔ پشاورمیں یوم عاشورکے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس کوہاٹی کے علاقے سے گزرے گا جس کیلئے بم ڈسپوزل یونٹ نے روٹ کو کلیئر کر دیا ہے۔ علاقے کی مانیٹرنگ سنٹرل کنٹرول روم سے کی جا رہی ہے۔ حیدرآباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس کچھ دیر بعد قدم گاہ مولا علی سے برآمد ہوگا، جلوس کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔