Saturday, April 27, 2024

یومِ بحریہ آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

یومِ بحریہ آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے
September 8, 2019
 کراچی (92 نیوز) ملک بھر میں آج یوم بحریہ ملی اور روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ 1965 کی  جنگ میں پاک بحریہ نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف  بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ 6 ستمبر کو پاکستان آرمی نے دشمن کے چھکے چھڑائے۔7 ستمبر کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے  دشمن کی کمر توڑ دی تو 8 ستمبر کو پاکستان نیوی نے کھلے سمندر میں اپنی واضح برتری کی دھاک بٹھائی۔ 1965 میں طیارہ بردار جہاز نہ ہونے کے باوجود پاک بحریہ نے بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ پاکستان کی واحد آبدوز" غازی" نے تن تنہا بھارتی بیڑے "وکرنت" کو سمندر میں پیش قدمی سے روکے رکھا۔ آپریشن " دوارکا"جس کا ذکر آج بھی دشمن کے ہوش اڑا دیتا ہے، پاک بحریہ کے 7 جنگی جہازوں پر مشتمل بیڑے نے دشمن کا ریڈار اسٹیشن اور فضائی اڈہ تباہ کر کے اس کے اوسان خطا کر دئیے۔ پاکستان کی جانب سے پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، شاہ جہاں، عالم گیر، ٹیپو سلطان اور غازی نے جنگ  میں حصہ لیا اور بھارتی  ساحلوں پر سبز ہلالی پرچم کی برتری ثابت کر دی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یوم بحریہ پر اپنے پیغام میں کہا یوم بحریہ ہمیں پاک بحریہ کے جوانوں کے حوصلے اور شجاعت کی یاد دلاتا ہے۔’’آپریشن سومنات‘‘کو جس جرأت کیساتھ انجام دیا گیا وہ پاکستان کیلئے باعث فخر ہے۔ نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا 8 ستمبر کو پاک نیوی کے بحری جنگی جہازوں نے بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔ یوم بحریہ 1965 کی جنگ کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ نیول چیف کا کہنا تھا 8 ستمبر کا دن ہماری بحری تاریخ کا سنہری باب ہے ۔ پاک بحریہ عالمی پانیوں میں امن و استحکام کو یقینی بنا رہی ہے۔