Tuesday, May 21, 2024

یوم یکجہتی کشمیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا، تیاریاں مکمل

یوم یکجہتی کشمیر آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائیگا، تیاریاں مکمل
February 4, 2020
لاہور (ویب ڈیسک ) یوم یکجہتی کشمیر  آج بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر بھر کی اہم شاہراہوں ، چوکوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچموں اور کشمیریوں پر انڈیا کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کو اُجاگر کرنے کے لئے بینرز ، سٹیمرز آویزاں کر دیے ۔ پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر شایان شان انداز میں منانے کی تیاریوں کے حوالے سے گزشتہ روز اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔اجلاس کی صدارت ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے کی۔ 5فروری کی صبح 10 بجے وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد میں ہونے والی مرکزی تقریب میں شریک ہوں گے ۔ ملک بھر میں ایک منٹ کی  خاموشی اختیار کی جائے گی ، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ صوبائی انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کو پنجاب بھر میں خصوصی تقاریب کے انعقاد کے حوالے سے شیڈول جاری کر دیا گیا جس کی روشنی میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں سرکاری آفیسرز اور ملازمین 5فروری کی صبح 9سے ساڑھے 9بجے کے درمیان ناصر باغ میں اکٹھے ہوں گے ۔ وزیر اعظم کی تقریب کے بعد سرکاری آفیسرز، ملازمین اور وہاں موجود عوام فیصل چوک کی جانب واک کریں گے ،فیصل چوک میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کشمیر واک کے شرکا سے خطاب کریں گے ۔ لبرٹی چوک میں ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ایم پی اے نذیر احمد چوہان،ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی کولیڈ کیا ۔ ڈی سی آفس سے بھی ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت اے ڈی سی جی صفدر حسین ورک نے کی۔تحصیل کینٹ میں بھی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ اسلام آباد انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیر میراتھن کا انعقاد کیا گیا۔اہم مقامات پر خصوصی ترانے چلائے جارہے ہیں جبکہ شہر کے تمام سینما گھروں میں کشمیریوں کی جدوجہد اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کی خصوصی ڈاکو منٹریاں چلائی جارہی ہیں۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں میٹروپول سے قائد آباد تک شاہراہ فیصل پر 20کلو میٹر طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کا اعلان کیا ہے  ، مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے مجلس علماء پاکستان کے مرکزی دفتر میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام کل ملک بھر میں ’’یکجہتی کشمیر ‘‘ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ لاہور میں بادشاہی مسجد کے مین گیٹ حضوری باغ میں ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیا جائے گا۔ادھر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل نے برطانیہ کے شہرآسٹن انڈر لائن مانچسٹر سے ’’ہفتہ یکجہتی کشمیر‘‘ کی تقریبات کا آغاز کر دیا۔ برمنگھم میں یوم یکجہتی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بر طانیہ میں کنزر ویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ مارکو لونگہی نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کوپارلیمنٹ میں بے نقاب کریں گے ۔