Tuesday, April 23, 2024

یوم یکجہتی کشمیر آج بھر پور طریقے سے منایا جا رہا ہے

یوم یکجہتی کشمیر آج بھر پور طریقے سے منایا جا رہا ہے
February 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) کشمیر بنے گا پاکستان ، کشمیری اور پاکستانی یک جان، یک زبان۔ یوم یکجہتی کشمیر آج بھر پور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔

دنیا کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے متعلق بتایا جا رہا ہے۔ کنٹرول لائن کے دونوں طرف اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں تقریبات جاری ہیں۔ شہر شہر مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ اسلام آباد، مظفر آباد اور دیگر شہروں میں انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔

پانچ اگست 2019 ، آرٹیکل 370 کا نفاذ اور پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤکا بہانہ ، بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم شہریوں کی آواز دبانے کے لیے ریاستی دہشتگردی کی انتہا کر دی۔ ایک طرف کورونا کی وبا اور دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی لاک ڈائون۔ آج دنیا کشمیریوں کی تکالیف کو محسوس کر رہی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان بھارتی ریاستی دہشتگردی کےخلاف کھل کر بول رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں قتل عام ، خواتین پر جنسی تشدد کےخلاف بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ 70 سال سے کشمیری جہنم میں رہ رہے ہیں۔ آج حق خودارادیت تو درکنار کشمیریوں کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ چیخ رہی ہے کہ گزشتہ 30 برسوں میں 95 ہزار سے زائد بے گناہ کشمیری قتل کئے جا چکے۔ دنیا بار بار بھارت کے اس جھوٹے دعوے کو مسترد کر چکی کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ ای یو ڈس انفو لیب کی حالیہ چشم کشا رپورٹ نے بھارت کے عالم گیر پروپگنڈے کو بری طرح بے نقاب کیا۔

امید ہے جمہوریت اورانسانی حقوق کے داعی مغربی ممالک اور واشنگٹن سے محکوم کشمیریوں کیلئے مزید مؤثر آوازیں اٹھیں گی۔ پاکستان اور کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ آج 5 فروری کو دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے مظاہرے جاری ہیں۔

بھارتی اقدام سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھرعالمی سطح پر ابھر کر سامنے آیا۔ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان محاذ آرائی خطے اور دنیا کے لیے تباہ کن ہو گی۔