Saturday, April 20, 2024

یوم یکجہتی فلسطین پر شہر شہر ریلیاں اور مظاہرے

یوم یکجہتی فلسطین پر شہر شہر ریلیاں اور مظاہرے
May 21, 2021

لاہور (92 نیوز) مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی ہم آواز ہو گئے۔ یوم یکجہتی فلسطین پر شہر شہر ریلیاں اور مظاہرے ہوئے۔

ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارلحکومت لاہور میں بھی فلسطینی مسلمان بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں زندگی کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور فلسطین پر اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی فورسز کے مظالم کی مذمت کی اور وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا پاکستان نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین بھرپور انداز میں پیش کیا۔ اقوام متحدہ انسان دوست اور قانون دوست تنظیم کا کردار ادا کرے۔ فلسطینی بچوں اور خواتین پر ظلم کیخلاف مغربی دنیا خاموش کیوں ہے۔ دنیا بھر میں مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے ارکان فلسطینی جھنڈے لے کر ایوان میں پہنچے اور اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے اسرائیلی مظالم کیخلاف متفقہ لائحہ عمل اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا فلسطینیوں اور کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم سب کشمیریوں کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ظلم و ستم کا سلسلہ اب رکنا چاہیے۔

شہباز شریف نے اپوزیشن اراکین کے ہمراہ یو این آفس کے سامنے میڈیا سے گفتگو میں کہا مسجد اقصیٰ میں ظلم و ستم کی انتہا کی گئی۔ نہتے نمازیوں پر حملے کیے گئے۔ ایسے دلخراش واقعات پہلے نہیں دیکھے تھے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا رویہ ایک فاشسٹ کا ہے۔ مسئلہ فلسطین اور کشمیر حل نہ ہوئے تو کبھی دنیا میں امن قائم نہیں ہو گا۔

دوسری طرف سروسز ہسپتال کے ینگ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بھی فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے زیر اہتمام فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مذمتی ریلی نکالی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے وکلاء نے بھی اسرائیلی جارحیت کیلئے ریلی نکالی اور فلسطینی بہن بھائیوں پر ہونیوالے مظالم بند کرنے کا مطالبہ کیا۔