Monday, September 16, 2024

یوم پاکستان کے موقع پر مختلف صوبوں کے فلوٹس نے شرکا سے بھرپور داد وصول کی

یوم پاکستان کے موقع پر مختلف صوبوں کے فلوٹس نے شرکا سے بھرپور داد وصول کی
March 23, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ میں پاکستانی ثقافت کے سبھی رنگ بھی نمایاں تھے ۔ مختلف صوبوں کے فلوٹس نے شرکا سے بھرپور داد وصول کی ۔

 تقریب میں سندھ ،پنجاب ،خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی فلوٹس اور روایتی رقص بھی مرکز نگاہ رہے ۔

 کشمیر کے فلوٹ پر لوک فنکاروں نے کشمیری لباس زیب تن کر رکھا تھا جو کشمیری نغمے گا رہے تھے ۔

 بلوچستان کا فلوٹ بلوچ روایات اور تہذیب کی عکاسی کرتا ہوا سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرا۔ بلوچ لباس میں ملبوس لوک فنکار لوک گیت گاتے ہوئے اپنے صوبے کی ثقافت کو اجاگر کر رہے تھے ۔

 صوبہ سندھ کا فلوٹ وادی مہران کی ثقافت کا عکاس تھا ۔ فلوٹ پر سندھی ثقافت کا ہر رنگ موجود تھا ۔ اجرک پہنے سندھی لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا ۔

 گلگت بلتستان کے فلوٹ نے بھی اپنے اپنے علاقوں کی ثقافت اور خوبصورتی کو خوب اُجا گر کیا ۔

 پنجاب کا فلوٹ بھی روایتی ثقافت کا آئینہ دار تھا ۔ پنجابی لوک فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا اور بھنگڑا بھی ڈالا ۔

 پاکستان رینجرز کے کیمل بینڈ نے بھی خوبصورت انداز میں شرکت کر کے شرکا کے دل موہ لئے جبکہ پریڈ کے اختتام پر بچوں نے قومی و ملی نغمے پیش کئے اور حاضرین کا جوش و جذبہ بڑھایا ۔