Thursday, March 28, 2024

یوم پاکستان کے سلسلے میں پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل

یوم پاکستان کے سلسلے میں پریڈ کی فل ڈریس ریہرسل
March 21, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) یوم پاکستان پر تینوں مسلح افواج کی مشترکہ تیاریاں، پریڈ گراونڈ میں فل ڈریس ریہرسل، آرمی، ائیرفورس اور نیوی کے دستوں نے حصہ لیا، جہازوں کا شاندار فلائی پاسٹ، پاک فضائیہ کے شاندار فضائی کرتب، سکیورٹی کے سخت انتظامات ۔ آزادی کے سترویں سال پورے ملک میں یوم پاکستان 23 مارچ بروز جمعرات کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی پاک فوج کی خصوصی پریڈ کے لئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے جبکہ موبائل سروس بھی بند رہے گی۔ ۲۳ مارچ کی خصوصی پریڈ کے حوالے سے افواج پاکستان کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ اس برس بھی پریڈ کا انعقاد اسلام آباد کے پریڈ گراونڈ میں ہوگا۔ 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ پولیس، رینجرز اور فوج کے پانچ ہزار اہلکار سیکیورٹی کی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 ناٖز کر دی ہے۔ پریڈ گراؤنڈ کے چار کلومیٹر تک ہائی الرٹ رہے گا۔ پریڈ گراؤنڈ کے اطراف فوج، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی۔ مارگلہ کی پہاڑیوں پر مختلف مقامات پر سکیورٹی اہلکار تعینات رہیں گے۔ 23 مارچ کی پریڈ کیلئے 8 ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جائیگی۔ ٹریفک پلان کےمطابق 22 مارچ کو رات 12 بجے سے23 مارچ دن1 بجے تک زیرو پوائنٹ سے فیض آباد، کهنه پل سے زیرو پوائنٹ، راول ڈیم سے فیض آباد اور شکر پڑیاں روڈ هیلی پیڈ، بیسٹ ویسٹرن ناکه تک بند رهے گا۔ دوسری جانب اسلام آاباد پولیس اور انتظامیہ کا مشترکہ کنٹرول روم مری روڈ پر قائم کر دیا گیا ہے۔ پریڈ گراؤنڈ سے پانچ کلومیٹر تک ہر قسم کی تعمیرات پر تیس مارچ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ 23 مارچ کو میٹرو سروس شام پانچ بجے تک بند رہے گی۔ پریڈ گراؤنڈ کے ارد گرد 5 کلومیٹر کے علاقے میں موبائل فون سروس صبح 6 بجے سے سہ پہر تین بجےتک بند رہے گی۔ پریڈ گراؤنڈ کے گرد سیکورٹی کے پانچ حصار قائم ہونگے جبکہ پریڈ گراؤنڈ کے اندر کی سیکورٹی فوج کے حوالے ہوگی۔