Wednesday, April 24, 2024

یوم پاکستان کے سلسلہ میں مسلح افواج کی پریڈ آج کی بجائے 25 مارچ کو ہوگی

یوم پاکستان کے سلسلہ میں مسلح افواج کی پریڈ آج کی بجائے 25 مارچ کو ہوگی
March 23, 2021

راولپنڈی( 92 نیوز) یوم پاکستان کے سلسلہ میں مسلح افواج کی پریڈ آج کی بجائے پچیس مارچ کو ہوگی، آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ کا شیڈول خراب موسم کے باعث تبدیل کیا۔

یوم پاکستان پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ موسم کی خرابی کے باعث موخر کردی گئی۔ پچیس مارچ کو طے شدہ پروگرام کے تحت پریڈ منعقد ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان قرنطینہ کے باعث تقریب کا حصہ نہیں ہوں گے۔ پریڈ میں پہلی بار خواتین پولیس کمانڈوز ، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے دستے اور وی ٹی فور ٹینک شریک ہوں گے۔

موسم کے بدلتے تیور کے باعث یوم پاکستان پر ہونیوالی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ، بہادر جوانوں کے قدموں کی دھمک ، طیاروں کی گھن گرج ناقابل تسخیر دفاع کی علامت سمجھی جاتی ہے ۔ پاکستان کا میزائل سسٹم، اب پچیس مارچ بروز جمعرات کو نظر آئے گا۔

پریڈ طے شدہ پروگرام کے تحت شکرپڑیاں پریڈ گرانوڈ اسلام آباد میں منعقد ہوگی ، 23 مارچ کے لیے جاری کردہ دعوت نامے پچیس مارچ کو بھی قابل قبول ہوں گے، صدر مملکت صدارتی گارڈز کے ساتھ بگھی میں پریڈ وینیو پہنچیں گے۔

وزیراعظم عمران خان قرنطینہ کے باعث پریڈ میں شریک نہیں ہوں گے ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اورتینوں مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے ۔پاک فضائیہ کے نئے سربراہ ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر فلائی پاسٹ کا مسحور کن مظاہرہ کرکے لہو گرمائیں گے۔

رواں سال پہلی بار خواتین پولیس کمانڈوز اور ایئر پورٹ سکیورٹی فورس کے دستے پریڈ میں شریک ہوں گے۔الخالد، الضرار اور ٹی 80 یوڈی ٹینکس کے ساتھ وی ٹی فور ٹینک بھی پہلی بار پریڈ میں نظر آئیں گے۔یوم پاکستان کی پریڈ میں بغیر پائلٹ طیاروں کی نمائش بھی کی جائے گی۔

پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم ،ایف سولہ اور جے ایف سیونٹین تھنڈر طیارے فضائی کرتب سے جذبہ بڑھائیں گے۔پریڈ میں فوجی حکام، سفارت کار، حکومتی شخصیات، سیاسی رہنما ، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سمیت شائقین کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔