Monday, September 16, 2024

یوم پاکستان کی پریڈ میں جنگی طیاروں کی گن گرج سے فضائیں بھی عظیم دفاع کی گواہ بن گئیں

یوم پاکستان کی پریڈ میں جنگی طیاروں کی گن گرج سے فضائیں بھی عظیم دفاع کی گواہ بن گئیں
March 23, 2018

 اسلام آباد (92 نیوز) یوم پاکستان کی پریڈ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کا فلائی پاسٹ ہوا ۔ اس پریڈ میں جنگی طیاروں کی گن گرج سے فضائیں بھی پاک فوج کے عظیم دفاع کی گواہ بن گئیں ۔

 یوم پاکستان کی پریڈ میں جے ایف سیون ٹین طیارے نے شاندار فلائی پاسٹ کیا ۔ طیارے افق پر نمودار ہوئے تو شرکا پلکیں جھپکنا بھول گئے ۔ برق رفتار جے ایف تھنڈر طیارے نے شاندار دفاعی کرتب کا مظاہرہ کیا ۔

 ایف سولہ طیارے برق رفتاری اور انتہائی کم رفتار سے پرواز کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ طاقتور انجن کے زور پر طیارہ فضا میں بلند ہوا اور جارحانہ انداز میں آگے بڑھتا ہوا شرکا کے خون کو مزید گرما گیا ۔

 پاک فضائیہ کے شیر دل فارمیشن نے  دلکش فلائی پاسٹ کیا اور سلامی کے چبوترے کے اوپر آکر خوب داد وصول کی ۔ اسپیشل سروسز گروپ کے جوانوں کا ہیلی کاپٹر سے لٹکنے کا  خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا ۔

 کوبرا، پوما اور ایم آئی 17 سمیت 19 ہیلی کاپٹرز نے ملکی دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار رہنے کی نوید سنائی ۔ آرمی ایوی ایشن کے دستوں نے بھی فلائی پاسٹ کیا اور خوب داد سمیٹی ۔ فلائی پاسٹ میں ترکی کے ہیلی کاپٹرز پہلی بار شریک ہوئے ۔