Sunday, September 8, 2024

یوم پاکستان کی تقریبات جوش و جذبے سے جاری‘ عوام کی بھرپور شرکت

یوم پاکستان کی تقریبات جوش و جذبے سے جاری‘ عوام کی بھرپور شرکت
March 23, 2016
لاہور (92نیوز) یوم پاکستان آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے کےساتھ منایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں اس موقع پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ ہوئی جس میں عسکری اثاثوں کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کے کلچرل فلوٹس بھی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ ملی یکجہتی کا عملی مظاہرہ پیش کرتی یوم پاکستان کی سب سے بڑی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراونڈ میں سجائی گئی  جس میں صدر مملکت ممنون حسین‘ وزیرا عظم نواز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزراءاور غیر ملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔ بحری، بری اور فضائی افواج کے مختلف دستوں نے چبوترے پر موجود اعلیٰ فوجی اور سول قیادت کو سلامی پیش کی۔ ٹینکوں اور میزائلوں سمیت عسکری اثاثوں کی نمائش بھی تقریب کی شان بڑھاتی رہی ۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کی ثقافت پر مبنی فلوٹس بھی پیش گئے جبکہ رنگ برنگے ملبوسات پہنے بچوں نے وطن سے محبت کے ترانے گائے۔ دریں اثنا لاہورمیں یومِ پاکستان کے حوالے سے شاندار عزم پاکستان پریڈ منعقد ہوئی جس میں چاروں صوبوں کی ثقافت کااظہار نظرآیا۔ ڈاچی ایکسپریس، ناچتی بکریوں اور گھڑڈانس نے عوام کوخوب محظوظ کیا۔ پریڈدیکھنے کیلئے بچوں اوربڑوں سمیت خواتین کی بڑی تعدادبھی موجود تھی۔ شہریوں کی دلچسپی کےلئے پنجاب اور سندھ پولیس سمیت 42بینڈز نے اپنے فن کامظاہرہ کیا۔ پریڈمیں چاروں صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کرتے فلوٹس، نامورفنکار اورصحافیوں نے حصہ لیا۔ پرانی گاڑیوں، لیموزین اور ہیوی بائیکس کے دستے بھی پریڈمیں شامل رہے۔ پریڈمیں شامل پپوسائیں سمیت سو ڈھولچیوں نے ایک ہی طرز پر ڈھول بجا کر حاضرین کو ناچنے پر مجبور کر دیا۔ لکی ایرانی سرکس کے فنکاروں کے کرتب نے شہریوں کو حیرت میں ڈالے رکھا۔ شاندار پریڈ کا اختتام بھی یادگار ہوا۔ شاندار آتش بازی کے مظاہرے نے شہریوں کوخوب تفریح دی۔