Sunday, September 8, 2024

یوم پاکستان پر جڑواں شہروں کیلئے ٹریفک پلان جاری

یوم پاکستان پر جڑواں شہروں کیلئے ٹریفک پلان جاری
March 21, 2016
اسلام آباد (92نیوز) یوم پاکستان پر راولپنڈی‘ اسلام آباد کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تئیس مارچ کو صبح چھ بجے سے تین بجے تک راول ڈیم سے زیرو پوائنٹ تک ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو صبح 6 سے دوپہر 3 بجے تک تمام ٹریفک کاداخلہ راول ڈیم سے فیض آباد فلائی اوور، زیرو پواینٹ تک بند ہو گا۔ 20 مارچ رات 12 بجے سے لیکر 21 مارچ دن ایک بجے اور 22 مارچ رات 12 بجے سے لیکر 23 مارچ دن تین بجے تک تمام ہیوی ٹریفک کا داخلہ راولپنڈی‘ اسلام آباد کیلئے بند ہوگا جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والی تمام ٹریفک کو میزائل چوک سے کھنہ چوک‘ فیصل شہید چوک اور راول ڈیم کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ یوم پاکستان کی پریڈ تقریب کے باعث آئی جے پی روڈ سے عام ٹریفک کو فیض آباد فلائی اوور سےنائنتھ ایونیو اور کشمیر ہائی وے کی طرف موڑ دیا جائے گا جبکہ مری روڈ پر راولپنڈی سے آنے والی ٹریفک کو سٹیڈیم روڈ سے نائنتھ ایونیو اور کشمیر ہائی وے کی طرف موڑدیا جائے گا۔