Friday, March 29, 2024

یوم پاکستان پر جنگی دھنوں پر تینوں مسلح افواج کی عظیم الشان پریڈ

یوم پاکستان پر جنگی دھنوں پر تینوں مسلح افواج کی عظیم الشان پریڈ
March 25, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) یوم پاکستان پر جنگی دھنوں پر تینوں مسلح افواج کی عظیم الشان پریڈ ہوئی۔

 پریڈ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی شرکت ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ اعلیٰ سول و عسکری حکام، غیر ملکی شخصیات کی بھی شرکت ہوئی۔

صدر مملکت عارف علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ جنگی طیاروں نے شرکا کو سلامی دی۔

ملٹری پریڈ میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا۔ پاک چین دوستی کا شاہکار جے ایف 17 تھنڈر طیارے کی گھن گرج  ، میراج اور دیگر جنگی طیاروں نے دشمن پر دھاک بٹھا دی۔ ترک فضائیہ کی سولو ترک ٹیم کی شرکت نے چار چاند لگا دیئے۔ آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں کی فارمیشن ، ایس ایس جی کمانڈوز کا ہزاروں فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ ہوا۔

پریڈ میں افواج پاکستان نے حربی قوت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ جدید ترین میزائل سسٹم  سے دشمن پر لرزہ طاری رہا۔ الخالد ، الضرار ٹینک، طیارہ شکن توپیں، بکتر بند گاڑیاں ، جدید گنیں تقریب کا حصہ تھیں۔ پریڈ میں شریک توپ خانے کے دستے نے سلامی دی۔

شکر پڑیاں کا گراؤنڈاللہ ہوُ کی صداؤں سے گونج اُٹھا۔ پاک بحریہ کے کمانڈر محمد شاہد اقبال کی قیادت میں پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ جوائنٹ سروسز پریڈ کا حصہ تھا۔ پاک نیوی کے دستے میں خاتون افسران، اسپیشل سروس گروپ (نیوی) اور پاکستان نیوی بینڈ شامل تھے۔

پاک بحریہ کے دستے کی منفرد پہچان اس میں شامل پہلے پاکستانی سکھ نیول آفیسر لیفٹیننٹ پَوَن سنگھ کی شرکت تھی۔ پاک بحریہ کی خاتون افسران کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر ثناء فردوس نے کی۔

اس کے علاوہ پاک بحریہ کے فضائی اثاثوں میں کیپٹن سلیم ناصر کی قیادت میں لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیرکرافٹ P3C اورین، کیپٹن سید طلعت حسین کی قیادت میں اے ٹی آر ہوائی جہاز، کیپٹن شیر ولی خان کی قیادت میں سی کنگ ہیلی کاپٹرز اور کمانڈر طلحہ متین کی سربراہی میں Z 9EC ہیلی کاپٹرز نے پریڈ کے دوران فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔ پاک بحریہ کا بغیر پائلٹ کے ہوائی جہاز یو اے وی بھی پریڈ میں شامل تھا۔

ایس ایس جی کمانڈوز نے جاندار مارچ پاسٹ کیا۔ ایف سی ، پاکستان رینجرز، ڈیفنس سکیورٹی فورس رجمنٹ کے دستے بھی شریک ہوئے۔ حاضرین کا جوش و جذبہ بھی دیدنی تھا۔ ترک فوجی بینڈ نے روایتی ترک اور پاکستانی دھنیں بکھیر کر حاضرین کے لہو کو گرما دیا۔

فوجی پریڈ میں کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ عیسیٰ بن خلیفہ کی خصوصی شرکت ہوئی۔ برطانوی کمانڈر اسٹریٹجک کمانڈ سر پیٹرک سینڈرز بھی یوم پاکستان کی پریڈ میں شریک ہوئے۔ سری لنکن چیف آف ڈیفنس، کمانڈر سری لنکن آرمی جنرل سلوا کی بھی پریڈ میں شرکت ہوئی۔

ملٹری پریڈ میں تمام صوبوں کی ثقافت کی جھلک نظر آئی۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر کے وفود کی بھی پریڈ میں شرکت ہوئی۔ پاکستان کے عظیم ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ملٹری بینڈز نے ملی نغموں کی دھنیں بجا کر حاضرین کے جوش کو مزید بڑھا دیا۔