Saturday, May 18, 2024

یوم پاکستان قومی جوش اور جذبے سے منانے کے لئے تیاریاں مکمل

یوم پاکستان قومی جوش اور جذبے سے منانے کے لئے تیاریاں مکمل
March 22, 2017
اسلام آباد (92 نیوز) 78 واں یوم پاکستان قوم کل اس عزم کے ساتھ منائے گی کہ مشترکہ منزل اور مقصد کے حصول کے لئے ہم ایک ہیں-23 مارچ کی مرکزی تقریب شکرپڑیاں پریڈ ایونیوز اسلام آباد میں ہو گی ،،تینوں مسلح افواج کے کمانڈوز 30 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کریں گے جبکہ ترکی کا مشہور فوجی بینڈ مہترن دھنیں بکھیرے گا۔ یوم پاکستان پرایوان صدر اور چاروں  گورنر ہاؤس میں سول اور ملٹری اعزازات تقسیم کرنے کی تقریبات بھی ہوں گی۔ 23 مارچ کی صبح کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31  اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21۔۔21 توپوں کی سلامی سے ہو گا یوم پاکستان کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے پریڈ ایونیو میں ہوگی جس میں تینوں مسلح افواج اور پیرا ملٹری فورسز کے خصوصی دستے پریڈ کریں گے  جبکہ پاک فوج کی خواتین کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ ہو گا،، پریڈ میں اس بار سعودی عرب ، چین اور ترک فوج کے دستے خصوصی طور پر شرکت کر  رہے ہیں ۔ تقریب میں صدر، وزیراعظم، جنوبی افریقہ کی نیشنل ڈیفنس فورس کے سربراہ،چیئرمین جوائنٹ چیفس ، تینوں افواج کے سربراہان ، وفاقی وزرا، اعلی فوجی اورسول حکام شریک ہوں گے۔ اس موقع  پر جدید فوجی سامان،  میزائل،ٹینکوں اور دفاعی آلات کی نمائش کی جائے گی،ایف 16، جے ایف 17 تھنڈر اور میراج طیارے فلائی پاسٹ کریں  گے  جبکہ  پاک فضائیہ کی شیردل فارمیشن فضائی کرتب پیش کرے گی۔ پاکستان کی  ثقافت  کے  رنگ  نمایاں  کرنے  والے مختلف  فلوٹس  بھی  روایتی پریڈ  کی  زینت  ہوں گے اسلام  آباد  کی طرح ملک کے چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان، فاٹا اور آزاد کشمیر میں بھی یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا جائے گا،، کوئٹہ، کراچی   اورپشاور میں مختلف  تقریبات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں ،شاہراہوں اور عمارتوں کو بڑی خوب صورتی سے سجایا گیا ہے ،بڑوں  کے ساتھ  بچوں میں بھی  خوب  جوش و خروش  پایا جا رہا ہے، یوم پاکستان کی مناسبت سے لاہور کی لبرٹی،کینال روڈ اور مال روڈ پر رنگ و نور کی بہار ہے اورعمارتوں پر چراغاں کیاگیا ہے ، شہر میں سب سے اہم تقریب ایوان اقبال میں ہوگی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شریک ہوں گے جبکہ پاکستان رینجرز کے زیر اہتمام واہگہ اور گنڈا سنگھ  بارڈر  پر پرچم کشائی اور پرچم اتارنے کی خصوصی تقریبات ہوں گی ۔