Tuesday, May 7, 2024

یوم ولادت مصطفیؐ منانے کیلئے عاشقان رسولؐ نے تیاریاں شروع کردیں

یوم ولادت مصطفیؐ منانے کیلئے عاشقان رسولؐ نے تیاریاں شروع کردیں
November 10, 2018
فیصل آباد( 92 نیوز ) یوم ولادت مصطفیﷺ منانے کے لئے عاشقان رسول ؐ نے تیاریاں شروع کردیں، ایسے میں آرائشی اشیاء فروخت کرنے والوں کی بھی چاندی ہوگئی ۔ ربیع الاول کے مبارک ماہ کا آغاز ہوتے ہی شمع رسالتؐ کے پروانے خوشی سے سرشار ہیں ، ایسے میں گلی محلے سجانے کے لیے استعمال ہونے والی آرائشی اشیاء بیچنے والوں نے بھی شہر کے مختلف بازاروں میں عارضی اسٹالز لگا لیے ہیں ۔ سجاوٹی سامان فروخت کرتے ان افراد کا حقیقی کاروبار تو کچھ اور مگر موقع کی مناسبت سے خوب کمائی کر رہے ہیں ۔ اسٹالز پر نعلین پاک ، بیجز ، ٹوپیاں، اور سبزجھنڈوں سمیت گلی محلوں کو سجانے کیلئے لڑیاں ، پردے اور دیگر سجاوٹی سامان خوب فروخت ہورہا ہے ، کیا بچے کیا بڑے سبھی پیارے نبی کا یوم ولادت منانے کے لیے پرجوش ہیں۔ عارضی کاروبار کرنے والوں کے لیے رحمتوں بھرا مہینہ روزگار کے لحاظ سے بھی کسی نعمت سے کم نہیں ۔  ولادتِ مصطفی کی خوشی ہر مسلمان کے چہرے سے عیاں ہے، یوم ولادت منانے کے لیے ہر کوئی اپنے اپنے انداز میں تیاریاں کر رہا ہے۔