Tuesday, April 23, 2024

یوم مزدور پر ملک بھر میں ریلیاں‘ محنت کشوں کا حکومت سے مسائل حل کرنے کا مطالبہ

یوم مزدور پر ملک بھر میں ریلیاں‘ محنت کشوں کا حکومت سے مسائل حل کرنے کا مطالبہ
May 1, 2016
لاہور (92نیوز) مزدوروں کے عالمی دن پر پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی محنت کشوں نے ریلیاں نکالیں اور شکاگو کے محنت کشوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے حقوق کے حصول کےلئے آواز بلند کی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے مختلف علاقوں میں یکم مئی کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں جس میں مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں مزدورتنظیموں کی جا نب سے ریلی نکالی گئی جس میں مقررین نے مزدوروں کے حقوق پر روشنی ڈالی۔ حافظ آباد میں نکالی گئی ریلی میں شہری بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ ناروال میں ریلی کے شرکاءنے حکومت سے مزدوروں کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ رحیم یارخان میں مزدور تنظیموں نے ریلیاں نکالیں اور دھرنا دیا۔ سندھ کے شہرنواب شاہ میں مزدور سڑکوں پر آ گئے اور اپنے حقوق کے لئے نعرے لگائے۔ پشاور میں ریلی کے شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ محنت کش مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ کوئٹہ میں ریلی کے شرکاءنے شکاگو کے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جتوئی، اوکاڑہ، ٹنڈو الہ یاراور شکار پور سمیت دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں جس میں محنت کشوں نے اپنے حقوق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔