Sunday, September 8, 2024

یوم فضائیہ آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

یوم فضائیہ آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
September 7, 2017

کراچی (92 نیوز) چھ ستمبر 1965کی جنگ میں جہاں زمینی فوج نے بھارت کے ہوش اڑا دیئے۔ وہیں پاک فضائیہ نے بھی دشمن کے پرخچے اڑا کررکھ دیئے۔ ایم ایم عالم نے بھارت کے پانچ طیارے ایک ہی لمحے چند سیکنڈز میں اڑا کر تاریخ رقم کر دی۔

رات کے اندھیرے میں جارحیت کا کیسا منہ توڑ جواب ملتا ہے۔ بھارت نے یہ خوب جان لیا۔ آج ہی کے دن پاک فضائیہ نے جرات اور بہادری کی ایسی تاریخ رقم کر ڈالی جسے دشمن آج بھی یاد کر کے گھبرا جاتا ہے۔

چھ ستمبر 1965ء کو جنگ کے پہلے ہی دن‘ پاک فضائیہ نے بری فوج کے دوش بدوش بڑا اہم کردار ادا کیا اور پٹھان کوٹ‘ آدم پور اور ہلواڑہ کے ہوائی اڈوں پر حملہ کرکے‘ دشمن کے 22 طیارے متعدد ٹینک‘ بھاری توپیں تباہ کر ڈالیں۔

سات ستمبر کی اگر بات کریں تو یہ دن پاک فضائیہ کی بہادری اور پیشہ وارانہ مہارت کے نام رہا۔

اس دن پاک فضائیہ کے طیارے سرگودھا کے ہوائی اڈے پر طلوع آفتاب سے پہلے ہی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے تیار کھڑے تھے۔ بھارتی طیاروں نے حملہ کیا تو پاک فضائیہ نے ایسے تابڑ توڑ حملے کئے کہ بھارتی فضائیہ چکرا کر رہ گئی۔  

لدھیانہ‘ جالندھر‘ بمبئی اور کلکتہ کے ہوائی اڈوں پر جہازوں کے قبرستان بنا دیئے گئے۔ مجموعی طور پر دشمن کے 31 طیارے ڈھیر ہو گئے۔

سرگودھا میں ایم ایم عالم نے بیک وقت 5 لڑاکا طیارے گرا کر منفرد ریکارڈ بناتے ہوئے فضاؤں میں بھی پاک فضائیہ کی جرات کا ڈنکا بجا دیا۔

سات ستمبر بھارت کو ہمیشہ یاد رہے گا اور یہ بھی کبھی نہیں بھولے گا کہ دشمن کی ہر چال۔ ہر حرکت اور بھارت کا چپہ چپہ پاک فضائیہ کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکتا اور اگر کبھی پھر حملے کی جسارت کی تو مکار دشمن کو پہلے سے بڑھ کر نقصان اٹھانا پڑے گا۔