Tuesday, April 23, 2024

یوم علی ؓ : مختلف شہروں میں جلوسوں کا انعقاد، سکیورٹی کے سخت انتظامات، ہزاروں پولیس اہلکار تعینات

یوم علی ؓ : مختلف شہروں میں جلوسوں کا انعقاد، سکیورٹی کے سخت انتظامات، ہزاروں پولیس اہلکار تعینات
July 9, 2015
لاہور/ ملتان/ راولپنڈی (92نیوز) آج یوم علیؓ کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں سکیورٹی کے سخت حصار میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ لاہور میں مبارک حویلی سے برآمد ہونیوالا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پرگامزن ہے۔ جلوس چوک نواب صاحب چونا منڈی ، اکبری منڈی سے کوتوالی چوک پہنچے گا جہاں نماز ظہرین ادا کی جائے گی جس کے بعد جلوس حکیماں والا بازار، چوک بھاٹی گیٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا۔ عزاداران عقیدت اور احترام کے جذبے کے ساتھ جلوس میں شامل ہیں۔ جلوس کی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ واک تھرو گیٹس، سی سی ٹی وی کیمروںاور سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلوس کی نگرانی کی جارہی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں یوم علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کےلئے دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کردئیے گئے۔ دو روز کےلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پربھی پابندی عائد ہے۔ یوم علی کا جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوکر کھارادر میں اختتام پذیر ہو گا۔ ملتان میں مرکزی جلوس چاہ بوہڑ والا سے بر آمد ہوکر اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کاشانہ شبیر پر اختتام پزیر ہو گا۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مرکزی امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔