Monday, May 13, 2024

یوم عاشور،قابض فوج کا کشمیری عزاداروں پر بہیمانہ تشدد ،درجنوں گرفتار

یوم عاشور،قابض فوج کا کشمیری عزاداروں پر بہیمانہ تشدد ،درجنوں گرفتار
September 10, 2019
سری نگر(92 نیوز) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کرفیو کا 37 واں روز ہے ، کشمیریوں کو شہدائے کربلا کی یاد منانے سے بھی روک دیا گیا، محرم الحرام کے جلوسوں کے شرکاء کو قابض فورسز کی جانب سے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ درجنوں عزادار گرفتار کرلیے گئے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت ، ہر گزرتا دن ظلم کی نئی داستان رقم کر رہا ہے، سرینگر سمیت وادی بھر میں عزادار تمام تر پابندیوں کو توڑتے ہوئے باہر نکل رہے ہیں ، عزاداروں کی دیدہ دلیری بھارتی فورسز کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔ بھارتی فورسز نے وادی بھر میں گشت بھی بڑھادیا ہے، اس دوران لائوڈ سپیکرز کے ذریعے عوام کو سختی سے گھروں میں رہنے کا حکم بھی دیا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں تاحال میڈیا بلیک آئوٹ ہے ، موبائل ، لینڈ لائن فون اور انٹرنیٹ سروسز سب معطل ہیں، مقبوضہ وادی میں غذائی قلت جبکہ ہسپتالوں میں ادویات کی شدید کمی کا بھی سامنا ہے۔