Friday, March 29, 2024

یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے

یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے
September 10, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) یوم عاشور پر ملک بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، وزرائے اعلیٰ نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا،جلوس میں شرکت کیلئے آنے والوں کو واک تھرو گیٹس سے گزارا گیا، موبائل سروس سارا دن معطل رہی۔ یوم عاشور پر  مختلف شہروں میں حساس مقامات پر موبائل فون سروس معطل رہی، کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں جلوس کے راستوں اور حساس مقامات پر ڈبل سواری پر بھی پابندی تھی۔ جلوس کے داخلی راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی ٹیموں نے شرکا کو تلاشی لینے کے بعد اندر جانے کی اجازت دی، واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے، جلوس سے قبل راستوں کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کلیئر کیا، کئی مقامات پر سکیورٹی کیلئے خاردار تاریں بھی لگائی گئیں۔ چاروں وزرائےاعلیٰ نے حساس مقامات کا فضائی جائزہ لیا اور سکیورٹی کے معاملات کو مانیٹر کیا، سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی گئی، لاہور میں سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم سے جلوس پر نظر رکھی گئی۔